امریکی صدر نے ایران پر حملے کی نئی تاریخ بتادی

امریکی صدر نے ایران پر حملے کی نئی تاریخ بتادی

بین الاقوامی (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )امریکی صدر نے ایران پر ممکنہ فوجی حملے کا فیصلہ نئے سال کے آغاز تک مؤخر کرنے کا عندیہ دیدیا۔

فاکس نیوز سے انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف کیا حکمت عملی اپنانی ہے یکم جنوری کے بعد دیکھیں گے۔ وہ ایران کے حوالے سے کسی فیصلے میں عجلت نہیں کررہے اور دیکھیں گے کہ نئے سال کے آغاز کے بعد کیا صورت حال بنتی ہے۔

 صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کا جوہری پروگرام روک دیا ہے جس کے بعد تہران کیلئے جوہری ہتھیار بنانا مزید مشکل ہوگیا ہے۔ بولے ایران اب کیمیائی گیسوں اور دیگر ذرائع پر توجہ دے رہا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران پر نیا حملہ اسی وقت کیا جائے گا جب اس سال یعنی فروری کے آغاز میں جنگ شروع کی گئی تھی تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس کا امکان بھی موجود ہے۔

دوسری جانب رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے ایران کی مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق انٹیلی جنس معلومات امریکا کو فراہم کی ہے ۔ موساد کے سربراہ نے حالیہ دورہ امریکا میں ایران کے خلاف مشترکہ حملے دوبارہ شروع کرنے کی حمایت کی تاہم ایران واشنگٹن میں ممکنہ کیمیائی حملوں سے متعلق میڈیا رپورٹس پہلے ہی بےبنیاد قرار دے کر مسترد کرچکا ہے۔