تصوف اور سلوک کی دنیا میں بیعت کا رشتہ ایک پاکیزہ، روحانی اور اختیاری نسبت ہے، جس کی بنیاد قلبی اطمینان اور باطنی مناسبت پر ہوتی ہے، نہ کہ دباؤ، ترغیب یا کسی ایجنٹ کی سی تدبیر پر۔ موجودہ دور میں بعض حلقوں نے بیعت کو محض تعداد بڑھانے یا لوگوں کو اپنے جال میں پھنسانے کا ذریعہ بنا لیا ہے، جو ایک نہایت ناپسندیدہ اور غیرت و حمیت کے منافی طرزِ عمل ہے۔ جب کسی طالب کو مرید بنانے کے لیے حیلے بہانے تراشے جائیں یا اسے گھیر کر بیعت پر آمادہ کیا جائے تو اس سے روحانیت کی پاکیزگی مجروح ہوتی ہے۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ بیعت اپنی جگہ ضروری ہے اور برکت کی ایک صورت ہے، لیکن سلوک کی اصل روح قلبی کے مناسبت، محبت اور اتباع میں مضمر ہے۔ اگر شیخ اور طالب کے درمیان باطنی مناسبت نہ ہو اور دل مسلسل الجھا رہے، تو محض رسمی بیعت کسی حقیقی فائدے یا اصلاح کا باعث نہیں بن سکتی ۔ اصل چیز محبت اور اتباع ہے جب ملتے جلتے رہتے ہیں تو مناسبت ہوہی جاتی ہے اور محبت بھی بڑھتی جاتی ہے اساس محبت ہے پھر اتباع عادت اس پہ مرتب ہوجاتا ہے وجہ اسکی یہ ہے کہ محب محبوب کے خلاف نہیں کرسکتا
آج کل زیادہ تر جگہوں پہ گھیرنے کا سامان زیادہ ہے نقلی پیروں نے اس بیعت کو لوگوں کو پھنسانے کا آلہ بنا رکھا ہے کیونکہ یہ انکا کاروبار ہے تو اس میں کسٹمر سے زیادہ سے زیادہ نفع کھینچنے کی کوشش کرتے ہیں اپنے مفاد کے لئے لوگوں کے عقائد بیعت کے بارے میں ایسے بنا دیئے کہ جو اصل مقصد تھا یعنی اللہ کی محبت، اس پہ توجہ نہیں رہی بس بیعت کو فرض و واجب بنا دیا پھر مرید مال پیش کرے اور بعض جگہ خواتین مریدوں کی عزت کو سخت خطرہ لاحق ہوتا ہے علماء کرام اور اہل حق شیوخ کو اس طرف متوجہ ہوکر اصلاح کی ضرورت ہے
مولانا اشرف علی تھانوی صاحب ایک جگہ لکھتے ہیں کہ ” مجھے اس بات سے غیرت آتی ہے کہ لوگوں کو معتقد بنانے کی تدبیر یا ترغیب دی جائے یہ طریقہ نہایت ناپسندیدہ ہے ہاں ایک صورت ہے جس میں ایک مسلمان کی امداد بھی ہے اور ثواب بھی کہ طالب کو کچھ جگہوں کے نام بتادے اور یہ مشورہ دے کہ ایک سے زیادہ جگہ دیکھ لے پھر جہاں سکون اور تسلی ہو وہاں تعلق پیدا کرلے باقی یہ ایجنٹوں کی سی صورت اختیار کرنا نہایت برا طرز ہے اس سے تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ پھنسانے کو لوگ چھوڑ رکھے ہیں”
اسی لیے سالک کو چاہیے کہ وہ بیعت کا قدم اٹھانے سے قبل خوب غور و فکر کرے، اپنے احوال پر نظر رکھے اور جہاں دل کو سکون، اطمینان اور رہنمائی کی تسلی ملے، وہیں پوری بصیرت کے ساتھ اپنا روحانی تعلق جوڑے۔ البتہ جب ایک بار سوچ سمجھ کر یہ نسبت قائم ہو جائے، تو پھر اس راہ میں کامیابی کا راز کامل اتباع, محبت اور مکمل فرمانبرداری میں پوشیدہ ہے، کیونکہ محب اپنے محبوب کے خلاف نہیں چلتا اور سچی اطاعت ہی دل کی الجھنوں کو سلجھا کر تزکیہ و اصلاح کی منزل تک پہنچاتی ہے۔