پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے لیے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے اور ریفرنڈم اس کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ اگر صوبوں کا کوئی مسئلہ آئے گا تو بانی پی ٹی آئی اور جماعت سے مشاورت کی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں اپنی جماعت کے لیے یکساں نمائندگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہیں اور اقتدار میں شراکت داری پر یقین رکھتی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی ایسی سوچ نہیں رکھتی اور اصولوں کی جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دن مخالفت کرتی ہیں اور دوسرے دن اکٹھی ہو جاتی ہیں، تاہم پی ٹی آئی کی پاور شیئرنگ والی سوچ نہیں ہے اور اس کے کارڈ اس کے سینے میں ہیں۔
آئینی ترامیم اور عدالتی معاملات پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کی ضرورت ہے اور ریفرنڈم اس کا متبادل نہیں ہو سکتا، جبکہ صوبوں نے بھی دو تہائی اکثریت سے منظوری دینی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 26ویں ترمیم غلط تھی لیکن حکومت وہ لے کر آئی اور 27ویں ترمیم اس سے بھی زیادہ غلط تھی جو یہ لائے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق اپنی مرضی کے ججز لگائے گئے لیکن اس کے باوجود ایک بھی کیس ختم نہیں ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر صوبوں کا کوئی مسئلہ آئے گا تو بانی پی ٹی آئی اور جماعت سے مشاورت کی جائے گی۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں ان کی صحت کے معاملے پر شدید تشویش ہے اور انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ بانی کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے جو بھی طبی ٹیسٹ ہوں وہ شفا انٹرنیشنل اسپتال سے کرائے جائیں۔