ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ مشت زنی کے مسئلہ پر دو مختلف حوالے۔۔۔ تحریر۔۔۔غلام نبی کشافی)تمہیدی کلمات/دراصل زیر نظر موضوع پر فی الحال ایک اور مضمون لکھنے کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی تھی، کیونکہ آج صبح اسی حوالے سے ایک تفصیلی مضمون آپ کے سامنے پیش کیا جا چکا ہے۔ تاہم دو قارئین کے کمنٹس میں ڈاکٹر ذاکر نائیک اور مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کے حوالے سے بعض ایسی باتیں سامنے آئیں جن کی وضاحت ضروری محسوس ہوئی۔ چنانچہ اسی پس منظر میں یہ دوسرا مضمون تحریر کرنا پڑا، تاکہ دونوں شخصیات کے اصل موقف کو ان کی تحریروں اور بیانات کی روشنی میں واضح کیا جاسکے۔ امید ہے کہ قارئین اس اضافی وضاحت کو بھی مفید سمجھیں گے اور مضمون کو پسند فرمائیں گے۔
_______________________
آج دو ایسے کمنٹس نظر سے گزرے جن میں سے ایک میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا کہ وہ مشت زنی کو حرام نہیں سمجھتے، جبکہ دوسرے کمنٹ میں کسی صاحب نے یہ دعویٰ کیا کہ انہوں نے سنا ہے کہ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی بھی اس فعل کو جائز سمجھتے تھے۔
اول الذکر کے حوالے سے جہاں تک مجھے یاد ہے، ڈاکٹر ذاکر نائیک کا موقف یہ ہے کہ اسلام میں استمناء بالید (مشت زنی) حرام یا گناہِ کبیرہ نہیں، بلکہ مکروہ اور ناپسندیدہ عمل ہے، جس سے اجتناب کرنا چاہئے۔ ان کے نزدیک عام حالات میں اس عمل کو عادت بنانا یا کثرت سے کرنا درست نہیں۔ البتہ اگر کسی شخص پر شہوت کا شدید غلبہ ہو اور اسے زنا میں مبتلا ہونے کا حقیقی اندیشہ ہو تو بڑے گناہ، یعنی زنا سے بچنے کے لیے اس کی گنجائش نکل سکتی ہے۔ تاہم وہ اس کا مستقل اور بہتر حل جلد از جلد نکاح کرنے یا روزے رکھنے کو قرار دیتے ہیں۔
مجھے ذاتی طور پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے جوابات اور علمی مباحث سے کبھی خاص دلچسپی نہیں رہی۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ غیر اسلامی اور تحریف شدہ مذہبی کتابوں کے مطالعے کے مقابلے میں قرآن مجید، اس کی تفاسیر اور بالخصوص کتبِ حدیث کا ان کا مطالعہ میرے نزدیک اس معیار کا نہیں جس کی توقع ایک دینی محقق سے کی جاتی ہے۔ ان کے جوابات میں تقابلی مذہب اور دیگر مذاہب کی کتابوں کے حوالے تو کثرت سے ملتے ہیں، لیکن قرآن و حدیث کے گہرے اور وسیع مطالعہ کی وہ جھلک کم دکھائی دیتی ہے۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ مشت زنی کے حوالے سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اس موقف کو بعض دینی حلقوں اور مفتیانِ کرام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب صورتِ حال یہ ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا وہ سابقہ علمی اور دعوتی اثر و رسوخ بھی باقی نہیں رہا۔ ان کا حالیہ دورۂ پاکستان بھی میرے نزدیک توقعات کے مطابق کامیاب ثابت نہیں ہوا۔ ہندوستان میں انہیں جو مقام اور شہرت حاصل تھی، وہ بیرونِ ملک اسی سطح پر برقرار نہ رہ سکی۔ میرے نزدیک انہوں نے عزیمت اور استقامت کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے ملک سے باہر رہنے کا راستہ چنا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ان کی پہچان زیادہ تر ایک دولت مند اور صاحبِ ثروت شخصیت کے طور پر رہ گئی ہے، جبکہ ان کے جوابات اور بیانات میں وہ سابقہ کشش، ولولہ انگیزی اور علمی اثر پذیری بھی دکھائی نہیں دیتی۔
جہاں تک مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کا تعلق ہے، تو یہ بات درست نہیں کہ وہ مشت زنی کو جائز سمجھتے تھے۔ ان کا موقف اس کے بالکل برعکس تھا اور وہ مشت زنی(استمناء بالید) کو حرام قرار دیتے تھے۔ دراصل جمہور اہلِ علم کا معروف موقف بھی یہی ہے کہ مشت زنی ناجائز اور حرام ہے۔ اس سلسلے میں تفسیر ابن کثیر، روح المعانی اور تفسیر قرطبی جیسی معتبر تفاسیر میں اس فعل کی ممانعت کے دلائل اور فقہی آراء بیان کی گئی ہیں۔
چنانچہ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کی مشہور کتاب ’’رسائل و مسائل‘‘ میں بھی مشت زنی (استمناء بالید) کے موضوع پر کئی صفحات پر مشتمل ایک مفصل بحث موجود ہے، جس میں انہوں نے اپنا موقف واضح دلائل کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اس لیے محض سنی سنائی باتوں کی بنیاد پر مولانا مودودی کی طرف ایسا موقف منسوب کرنا درست نہیں۔ بہتر یہی ہے کہ کسی بھی شخصیت کے بارے میں رائے قائم کرنے سے پہلے اس کی اصل تحریر یا مستند بیان کا مطالعہ کر لیا جائے۔
مولانا سید مودودی نے مشت زنی کے حوالے سے تین قول نقل کئے ، پہلے قول میں اس کے مباح کا ذکر کیا ۔ لیکن باقی دو اقوال میں معمولی فرق کے ساتھ اس کو حرام بتایا گیا ہے ۔ لیکن مولانا سید ان اقوال کو نقل کرنے کے بعد لکھتے ہیں ۔
” ان دلائل کی بنا پر صحیح مسلک یہی ہے کہ یہ فعل حرام ہے۔ البتہ عقل یہ حکم لگاتی ہے کہ اس کی حرمت زنا، اور عمل قوم لوط اور وطی بہائم کی بہ نسبت کم تر ہے۔ اس لئے اگر کسی شخص کو ان گناہوں میں سے کسی ایک میں مبتلا ہوجانے کا خطرہ ہو اور اس سے بچنے کے لئے وہ اپنے جوش طبع کی تسکین اس ذریعے سے کرلے تو اس کے حق میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ ’’شاید اللہ تعالیٰ اسے سزا نہ دے‘‘
غامدی صاحب بار بار کہتے ہیں کہ قرآن میں صرف پانچ چیزیں حرام ہیں ، باقی سب حلال ہے۔ لیکن مولانا سید مودودی کا اس کے برعکس یہ موقف ہے ۔
” قرآن مجید میں حرام چیزوں کی تفصیل بیان ہونے کے معنی یہ نہیں ہیں کہ سب حرام چیزوں کو نام بنام بیان کیا گیا ہو، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ قرآن مجید میں حرام و حلال کے کلی اصول بیان کردئے گئے ہیں۔ پس ہر وہ چیز جو قرآن مجید کے بیان کردہ کسی کلیہ کے تحت آتی ہو، اس پر وہی حکم جاری ہوگا جو کلیہ میں ارشاد ہوا ہو، الا یہ کہ اس کو مستثنیٰ قرار دینے کے لیے کوئی دلیل موجود ہو۔اب سوال یہ ہے کہ جب قرآن مجید یہ عام قاعدہ بیان کرچکا ہے کہ بیویوں اور مملوکہ عورتوں کے سوا قضاء شہوت کے تمام طریقے عدوان ہیں، تو اس سے نکاح بالید کے مستثنیٰ ہونے کی آخر کیا دلیل ہے ؟ اس کے جواب میں بعض لوگوں نے یہ دلیل پیش کی ہے کہ ’’عرب میں اس فعل کا کوئی رواج نہ تھا، نہ کلام عرب میں اس کا کوئی ذکر ہے، لہٰذا ” فَمَنِ ابْتَغَىٰ وَرَاءَ ذَٰلِكَ ” (المؤمنون : 7) میں یہ داخل نہیں ہے‘‘۔ لیکن یہ دلیل دو وجوہ سے غلط ہے۔ ایک یہ کہ لغت عرب میں اس کے لئے جلد عمیرہ اور خضخضۃ کے الفاظ موجود ہیں اور زبان میں کسی کا لفظ موجود ہونا اس بات کا قطعی ثبوت ہے کہ اہل زبان اس تصور سے آشنا تھے۔ دوسرے یہ کہ اگر عرب اس سے واقف نہ تھے تو خدا تو انسانوں کے سب افعال سے واقف تھا۔ اس کے بیان کردہ کلیات صرف انہی جزئیات تک آخر کیسے محدود ہوجائیں گے جن سے اس زمانے کے عرب واقف ہوں۔”
(مزید تفصیل رسائل مسائل: ص 774 تا 77/ایڈیشن 2015)
مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کی مذکورہ تحریر سے یہ بات بالکل واضح ہوجاتی ہے کہ وہ مشت زنی کو جائز نہیں سمجھتے تھے، بلکہ قرآن مجید کے بیان کردہ کلی اصولوں کی روشنی میں اسے حرام قرار دیتے تھے۔
اصل بات یہ ہے کہ دینی مسائل میں کسی شخصیت کے نام یا شہرت کی بنیاد پر اس کی طرف کوئی موقف منسوب نہیں کرنا چاہئے۔ خواہ ڈاکٹر ذاکر نائیک ہوں، مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی ہوں یا کوئی دوسرا عالم و مفکر، ان کے افکار و نظریات کو سمجھنے کے لئے ان کی اصل تحریروں اور مستند بیانات کی طرف رجوع کرنا ضروری ہے۔
اسی طرح قرآن مجید میں کسی حکم کی صراحتاً نام لے کر عدمِ موجودگی کو اس کے حلال ہونے کی دلیل نہیں بنایا جاسکتا۔ قرآن مجید صرف احکام کی جزئی تفصیلات ہی بیان نہیں کرتا، بلکہ ایسے کلی اصول بھی عطا کرتا ہے جن کی روشنی میں بیشمار مسائل کا شرعی حکم متعین ہوتا ہے۔ اس لئے قرآن کے کسی ایک حکم کو اس کے سیاق، مفہوم اور دیگر متعلقہ آیات سے الگ کرکے اپنی مرضی کا مطلب اخذ کرنا درست طرزِ استدلال نہیں۔
میری کوشش ہمیشہ یہی رہی ہے کہ دینی مسائل کو شخصیات، مسلکی وابستگیوں اور اندھی عقیدت سے بالاتر ہوکر قرآن و حدیث کی روشنی میں سمجھنے اور سمجھانے کی کوشش کی جائے۔ اختلافِ رائے اپنی جگہ، لیکن کسی بھی علمی موقف کو نقل کرتے وقت دیانت، تحقیق اور اصل ماخذ کی طرف رجوع کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔