*آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں مسجد بیت المعمور میں ماہِ محرم الحرام کی مناسبت سے ایک روح پرور “محفلِ کا انعقاد*
آسٹریا(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ محمد عامر صدیق سالزبرگ)محرم الحرام اسلامی سال کا آغاز اور صبر، ایثار، قربانی، اخوت اور حق و صداقت کی لازوال اقدار کی یاد تازہ کرنے کا مہینہ ہے۔ اس مقدس مہینے میں منعقد ہونے والی محافل واقعۂ کربلا کے آفاقی پیغام، امن، رواداری، اتحادِ امت اور اخلاقی و انسانی اقدار کو اجاگر کرتی ہیں۔ اسی سلسلے میں آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں مسجد بیت المعمور میں ماہِ محرم الحرام کی مناسبت سے ایک روح پرور “محفلِ کا انعقاد بروز ہفتہ، 27 جون کو شام پانچ بجے کیا گیا۔
اس موقع پر محفل کی نقابت رانا شوکت علی نے کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ زبیر نے حاصل کی جبکہ نواز فرید نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔
علامہ غلام مصطفی بلوچ نے شہدائے کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معرکہ کربلا حق اور باطل کے درمیان کھلی جنگ تھی۔ یہی وجہ ہے کہ قیامت تک کے لئے حسینی کردار امر ہو گیا جبکہ یزیدی کرداروں کے خلاف آج بھی امت مسلمہ اور خادمین اہلبیت برسرپیکا رہیں۔ واقعہ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ حضرت امام حسین کی قربانی دین اسلام کی بقاء ہے، آپؑ نے دین اسلام کی بقاء اور سربلندی کے لئے وہ عظیم مثال قائم کر دی جو رہتی دنیا تک قائم رہے گی اور تمام امت ان کی احسان مند رہے گی۔
محفل کے اختتام پر عدیل عمران نے حاضرین کے ساتھ مل کر درودوسلام پیش کیا۔ خصوصی دعا علامہ غلام مصطفی بلوچ نے امت مسلمہ، شہدائے کربلا اور حاضرین کے لیے کروائی۔
سالزبرگ مسجد بیت المعمور کی انتظامیہ اور رانا شوکت علی کی جانب سے تمام لوگوں کا محفل میں انے کا شکریہ ادا کیا گیا۔ محفل کے اختتام پر لنگر حسینی پیش کیا گیا۔
![]()











