Daily Roshni News

انار کلی کی لازوال محبت۔۔۔ انتخاب ۔۔۔۔  میاں عمران

انار کلی کی لازوال محبت

انتخاب ۔۔۔۔  میاں عمران

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔ انار کلی کی لازوال محبت۔۔۔ انتخاب ۔۔۔۔  میاں عمران)مغل ایوان کی دیواروں میں ہمیشہ کے لیے دفن ہو جانے والی وہ محبت، جس نے ایک باپ کو جابر اور ایک بیٹے کو باغی بنا دیا!”

دیوار لاہور انارکلی کی آخری آرام  گاہ

روایت ہے کہ مغل دربار میں شرف النسا نامی ایک انتہائی خوبصورت کنیز تھی، جسے اس کے حسن اور گلابی رنگت کی وجہ سے “انارکلی” (انار کی کلی) کا خطاب ملا تھا۔ وہ بادشاہ اکبر کے ایوانِ خاص کی رونق تھی، لیکن کہانی نے تب ایک ہولناک موڑ لیا جب اکبر کے اکلوتے وارث اور لاڈلے شہزادے سلیم (جہانگیر) کی نظریں انارکلی پر پڑیں۔ ایک معمولی کنیز اور مغل سلطنت کے ولی عہد کے درمیان عشق کی چنگاری ایسی بھڑکی کہ اس کی خبر جلد ہی شہنشاہ اکبر تک پہنچ گئی۔

اکبر کے لیے یہ صرف ایک محبت کا قصہ نہیں تھا، بلکہ مغل سلطنت کے آن اور شان کا مسئلہ تھا۔ ایک طرف سلطنت کا دبدبہ تھا اور دوسری طرف بیٹے کی ضدد۔ کہتے ہیں کہ ایک دن اکبر نے شیش محل کے آئینوں میں انارکلی کو شہزادے سلیم کے مسکراتے ہوئے پیغام کا جواب دیتے دیکھ لیا، اور بس یہی لمحہ اس داستان کا سب سے دردناک موڑ بن گیا۔ اکبر کا غصہ ساتویں آسمان پر پہنچ گیا؛ انہوں نے سلیم کو سمجھانے اور اس رشتے کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر محبت کی ضدمیں آ کر سلیم نے اپنے ہی باپ کے خلاف بغاوت کا علم بلند کر دیا۔

جب سلیم کی تمام تر کوششیں اور بغاوت ناکام ہو گئی، تو اکبر نے وہ سفاکانہ اور چونکا دینے والا فیصلہ سنایا جس نے تاریخ کا دل دہلا دیا۔ شاہی فرمان جاری ہوا کہ انارکلی کو زندہ دیوار میں چنوا دیا جائے۔ سلیم تڑپتا رہا، منتیں کرتا رہا، مگر اکبر کے سخت اصولوں اور سیاسی انا کے سامنے اس کی ایک نہ چلی۔ لاہور کے قلعے میں ایک ایک اینٹ چن کر اس خوبصورت دوشیزہ کو زندہ دفن کر دیا گیا، اور سلیم کی محبت دیوار کے پیچھے گھٹ کر دم توڑ گئی۔

اگرچہ کئی مورخین اس واقعہ کو کہانی اور لوک داستان قرار دیتے ہیں، لیکن لاہور میں موجود “مقبرہ انارکلی” اور اس کی قبر پر کندہ فارسی کا وہ کلمہ آج بھی اس دردناک داستان کی گواہی دیتا نظر آتا ہے، جس میں لکھا ہے: “کاش میں اپنی محبوبہ کا چہرہ ایک بار پھر دیکھ پاتا، تو قيامت کے دن تک اپنے خدا کا شکر ادا کرتا۔”

تحریر و تحقیق آفرین عاقب

Loading