متعدد واٹس ایپ صارفین سوشل میڈیا پر شکایت کر رہے ہیں کہ ان کے اکاؤنٹس بغیر کسی واضح وجہ کے اچانک معطل کر دیے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد افراد نے رپورٹ کیا ہے کہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک ہوگئے ہیں اور اندر ریویو کا میسج نظر آرہا ہے۔ درحقیقت واٹس ایپ کے اندر ایک مسئلے کی وجہ سے دنیا بھر میں ہزاروں افراد کے اکاؤنٹس بلاک ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے میٹا نے ایک بیان میں بتایا کہ ایسا ایک مسئلے کی وجہ سے ہوا جسے ٹھیک کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان اکاؤنٹس تک رسائی بحال کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد صارفین نے بتایا تھا کہ اچانک ان کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو استعمال کرنا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے بتایا کہ جب بھی وہ اکاؤنٹس تک رسائی کی کوشش کرتے ہیں تو واٹس ایپ پر لکھا آتا ہے کہ آپ کے اکاؤنٹ اور ڈیوائس کی تفصیلات کو چیک کیا جا رہا ہے تاکہ یقینی بنایا جاسکے کہ آپ ہماری شرائط پر عمل کر رہے ہیں، اس حوالے سے 24 گھنٹوں میں آپ کو بتایا جائے گا۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ صارفین کی تعداد 3 ارب سے زیادہ ہے تو اگر یہ مسئلہ زیادہ بڑا نہیں، تو بھی ہزاروں افراد اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
میٹا نے مسئلے کا اعتراف تو کیا مگر یہ واضح نہیں کیا کہ کس خطے کے افراد متاثر ہوئے ہیں یا اس کی بنیادی وجہ کیا ہے۔
![]()
