Daily Roshni News

*سفارتخانہ ویانا میں “یوم استحصال کشمیر”5اگست کی نسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا*۔

*سفارتخانہ ویانا میں “یوم استحصال کشمیر”5اگست کی نسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا*۔

آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔ محمد عامر صدیق ویانا) “یوم استحصال کشمیر” کی نسبت سے 5اگست کی شام کو پاکستان سفارتخانہ ویانا میں ایک تقریب کا انعقاد سفیرِ پاکستان محمد کامران اختر کی زیر سرپرستی کیا گیا۔ جس میں آسٹریا میں پاکستانی، کشمیری کمیونٹی، مصری کمیونٹی کے ارکان، میڈیا اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز منظور احمد بٹ کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، اس سے قبل تھرڈ سیکریٹری سیدہ مبشرہ عروج نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے شرکا کو تقریب میں خوش آمدید کیا۔

اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری جنید سلیمان نے یوم استحصال کے موقع پر جاری کردہ صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ان پیغامات میں 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے والی مختصر دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی۔

اپنے خصوصی خطاب میں سفیر پاکستان محمد کامران اختر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی بہادرانہ جدوجہد کی پرعزم حمایت کا اظہار کیا۔

ویانا میں مقیم انٹرنیشنل،پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی نمائندگی کرنے والے مقررین جن میں یونیورسٹی میڈیسن ویانا کے پروفیسر عزت اواد، ایڈوائزر یورپین یوتھ ایسوسییشن عارف سیم اور چیئرمین کشمیر فریڈم فرنٹ آسٹریا پروفیسر ملک شوکت مسرت اعوان نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد کے اقدامات خاص طور پر ڈومیسائل قوانین اور زمین کی ملکیت کے قوانین کی مذمت کی۔آخر میں حاضرین شرکاء کے لیے سفارت خانہ میں ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

Loading