*سفارت خانہ پاکستان ویانا اسٹریا میں پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد*۔
آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ ۔۔۔محمد عامر صدیق ویانا) سفارت خانہ پاکستان ویانا اسٹریا میں پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے سفیر پاکستان محمد کامران اختر کی زیر سرپرستی پرچم کشائی کی تقریب 14 اگست صبح 10 بجے بروز جمعہ کو اہتمام پذیر ہوئی۔ جس میں آسٹریا میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین و بچوں نے آسٹریا بھر کے مختلف شہروں سے پاکستان کی محبت میں تقریب میں شرکت کرکے پیارے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
آسٹریا میں پاکستان کے سفیر پاکستان محمد کامران اختر نے قومی سبز ہلالی پرچم لہرایا اور 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام صدر آصف علی زرداری اور ڈپٹی ہیڈ اف مشن عدیل خان افریدی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ اس سے قبل جشن یوم آزادی کی تقریب کا آغاز منظور احمد بٹ کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، اسٹیج سیکریٹری کے فرائض تھرڈ سیکریٹری سیدہ مبشرہ عروج نے ادا کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو جشن یوم آزادی پاکستان کی مبارک باد پیش کی اور تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
جشن یوم آزادی کی تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان محمد کامران اختر نے پاکستان کے بانیوں کی شاندار جدوجہد اور قائداعظم کی دور اندیشی اور دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک جمہوری ترقی پسند اور آگے بڑھنے والے اسلامی ملک کے طور پر تعمیر کرنے میں قائداعظم کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کے ساتھ عزم اور لچک کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دینے میں اس کی کامیابی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور پاکستان کے خلاف منفی اور حوصلہ افزا پراپیگنڈے کا پرامن رہ کر مقابلہ کریں۔ پاکستان کی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کی خواتین اور بچوں اور بڑوں کے ساتھ مل کر تصویریں بھی بنوائیں۔
![]()









