شوکت خانم آگاہی مہم کے حوالے سے ایتھنز میں اہم اجلاس، پروگرام کی تیاریوں پر مشاورت۔

شوکت خانم آگاہی مہم کے حوالے سے ایتھنز میں اہم اجلاس، پروگرام کی تیاریوں پر مشاورت

ایتھنز (ڈیلی روشنی نیوزانٹرنیشنل ۔۔۔انصراقبال بسراء)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کی آگاہی مہم کے سلسلے میں ایتھنز کے علاقے امونیا میں شنواری ریسٹورنٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ ہونے والے خصوصی پروگرام کی تیاریوں، پاکستانی کمیونٹی کو دعوت دینے اور آگاہی مہم کو مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ شوکت خانم آگاہی مہم کے تحت ہونے والے اس خصوصی پروگرام میں *پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان* بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی۔ پروگرام کا مقصد یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے فلاحی مشن، کینسر کے مریضوں کے علاج اور مستحق مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

اجلاس کے دوران شرکاء نے شوکت خانم کے فلاحی منصوبے اور اس کی خدمات کو کمیونٹی تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کینسر ایک سنگین بیماری ہے اور اس کے علاج کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق مریضوں کی مدد کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔

اجلاس میں آئندہ پروگرام کی مکمل پلاننگ، انتظامی امور، کمیونٹی کے مختلف حلقوں سے رابطوں، سیاسی و سماجی شخصیات، کاروباری برادری، صحافتی حلقوں اور پاکستانی کمیونٹی کے دیگر نمائندوں کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دینے کے حوالے سے بھی حکمتِ عملی طے کی گئی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو شوکت خانم کے فلاحی مشن سے زیادہ سے زیادہ آگاہ کیا جائے گا اور اس نیک مقصد کے لیے بھرپور تعاون کی ترغیب دی جائے گی، تاکہ مستحق مریضوں کے علاج اور کینسر کے خلاف جاری جدوجہد میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

اس موقع پر *چیئرمین پاکستان جرنلسٹ کلب ڈاکٹر طارق جاوید سلہریا، صدر پاکستان جرنلسٹ کلب یونان بدر منیر سندھو، جنرل سیکریٹری مرزا رفاقت حسین اور چودھری ظفر ساہی* سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے کہا کہ *شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال* جیسے فلاحی ادارے مستحق اور ضرورت مند مریضوں کے علاج اور خدمتِ انسانیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کے مشن، خدمات اور آگاہی پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اجلاس کے اختتام پر آئندہ پروگرام کو کامیاب بنانے اور زیادہ سے زیادہ کمیونٹی ممبران کی شرکت یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Loading