آئرلینڈ میں منہاج القرآن کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، علامہ محمد صادق قریشی
شہزاد احمد کی رہائش گاہ پر ظہرانے کا اہتمام، منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکٹو عہدیداران کی شرکت، تنظیمی کارکردگی پر تفصیلی تبادلۂ خیال
ڈبلن آئرلینڈ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔وسیم بٹ) منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن برطانیہ کے گلوبل ایمبیسڈر علامہ محمد صادق قریشی کے اعزاز میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے تاحیات رفیق شہزاد احمد کی رہائش گاہ ڈبلن میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکٹو عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر تنظیمی امور، دعوتِ دین کی سرگرمیوں، تحریک کے پیغام کو مزید مؤثر انداز میں عام کرنے اور آئرلینڈ میں تنظیمی کام کو وسعت دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے آغاز پر منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے تمام ایگزیکٹو عہدیداران کا علامہ محمد صادق قریشی سے تعارف کرایا، جس سے انہیں تنظیمی ٹیم، ذمہ داران اور تحریک کے انتظامی ڈھانچے کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی۔ اس موقع وسیم بٹ نے علامہ صادق قریشی کو آئرلینڈ میں تحریک کی تنظیمی سرگرمیوں، دعوتی کاوشوں، دینی و تربیتی پروگراموں اور کمیونٹی میں تحریک کے پیغام کو عام کرنے کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وسیم بٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منہاج القرآن آئرلینڈ کے عہدیداران اور رفقا تحریک کے مقاصد کے فروغ، دینی تعلیمات کی ترویج اور نئی نسل کی اسلامی اقدار کے مطابق تربیت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے تنظیمی سرگرمیوں کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے اجتماعی تعاون اور باہمی مشاورت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
صدر منہاج القرآن آئرلینڈ کی بریفنگ پر علامہ محمد صادق قریشی نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تنظیمی ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئرلینڈ میں تحریک کے کام کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنایا جائے، تنظیمی ذمہ داریوں کو اخلاص اور احساسِ فرض شناسی کے ساتھ ادا کیا جائے اور دعوتِ دین کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دیا جائے۔
علامہ محمد صادق قریشی نے اپنی گفتگو میں دین کی خدمت اور دینی و فلاحی مقاصد کے لیے زندگی وقف کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دین کی سربلندی، معاشرے میں اسلامی تعلیمات کے فروغ اور انسانیت کی رہنمائی کے لیے اخلاص کے ساتھ کی جانے والی کوششیں بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ دینی کام میں استقامت، نیت کی پاکیزگی، وقت کی قربانی اور ذمہ داریوں کو دیانت داری سے نبھانا ایک کارکن کی بنیادی صفات ہیں۔ انہوں نے عہدیداران اور رفقا کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو دین کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں اور تحریک کے مشن کو اگے بڑھنے میں بھرپور کردار ادا کریں ۔
اس موقع پر تنظیمی ذمہ داران کو اس امر کی جانب بھی توجہ دلائی گئی کہ تحریک کی کامیابی کے لیے باہمی اتحاد ۔ نظم و ضبط ۔ مستقل مزاجی اور موثر رابطہ کاری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں عہدے داران کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو محض اس انتظامی امور تک محدود نہ رکھے بلکہ دینی شعور کی بیداری خاندانی و معاشرتی تربیت اور نئی نسل کی اخلاقی رہنمائی کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کریں ۔
ظہرانے کی یہ نشست نہ صرف باہمی ملاقات اور تعارف کا ذریعہ بنی بلکہ اس میں ائرلینڈ میں منہاج القران کی مستقبل کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے رہنمائی بھی حاصل ہوئی ۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے تحریک کے پیغام کو فروغ دینے تنظیمی یکجہتی برقرار رکھنے اور دینی خدمات کے سلسلے کو مزید مضبوط بنانے کہ عزم کا اظہار کیا ۔
اجلاس میں علامہ محمد عدیل ۔ محی الدین ۔ عبدالقیوم ۔ شہزاد احمد ۔ وسیم بٹ ۔محمد ایان اور محمد طہ شامل تھے۔