Daily Roshni News

عارف شاعرہ اور مذہبی سکالر طاہرہ رباب صاحبہ کی کتاب “کلیدِ حجاب” کی تقریبِ رونمائی اور ہیمبرگ مشاعرہ

عارف شاعرہ طاہرہ رباب کی تالیف ” کلید حجاب ” کی تقریب رونمائی ، ہمبرگ جرمنی میں منعقد ہوئی، اہل علم کی شرکت ۔

ہیمبرگ (ڈیلی  روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔پریس ریلیز):دیارِ غیر میں اردو زبان و ادب کے فروغ، ترویج اور پاسداری کے سلسلے میں جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ایک شاندار، پروقار اور یادگار ادبی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں صاحبِ طرز شاعرہ طاہرہ رباب صاحبہ کی آٹھویں کتاب “کلیدِ حجاب” کی رونمائی اور ایک عظیم الشان مشاعرہ شامل تھا۔ اردو کی ترویج و اشاعت کے مقصد سے سجائی گئی اس شام نے جرمنی کی ادبی تاریخ میں ایک نئے سنہرے باب کا اضافہ کر دیا، جہاں شرکاء کی کثیر تعداد اور اعلیٰ شخصیات کی موجودگی نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

(تصویر 1: تقریب کا مجموعی منظر اور معزز مہمان گرامی)

ایوارڈ یافتہ مصنف و دانشور انجینئر عابد رشید کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت:

تقریب کے مہمانِ خصوصی امریکہ (شکاگو) سے تشریف لائے ہوئے معروف دانشور اور مصنف انجینئر عابد رشید تھے۔ حال ہی میں ان کی سیرت النبی ﷺ پر لکھی گئی مایہ ناز کتاب کو پاکستان بھر میں نمبر ون  قرار دیا گیا اور پاکستان گورنمنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب میں انہیں اپنے ہاتھوں سے اس اعزاز سے سرفراز کیا۔ تقریب میں انجینئر عابد رشید نے اپنے منفرد اندازِ بیان اور خوبصورت شعر و شاعری سے محفل میں سحر طاری کر دیا اور شرکاء سے بھرپور داد سمیٹی۔

صدارت اور انتظام:

تقریب کی صدارت ہیمبرگ کے تین بار کے رکنِ پارلیمنٹ گلفام ملک نے کی، جنہوں نے ہال کے بہترین انتظامات سمیت تقریب کو کامیاب بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اپنے صدارتی خطبے میں انہوں نے اردو زبان کی بقا اور اس قسم کی ادبی نشستوں کی اہمیت پر زور دیا۔

(تصویر 2: شاعرہ اور مذہبی سکالر طاہرہ رباب صاحبہ اپنی کتاب “کلیدِ حجاب” کی رونمائی کے موقع پر مہمانانِ گرامی کے ساتھ)

“کلیدِ حجاب” کی رونمائی اور شعراء کا کلام:

جرمنی میں اردو شاعری کا معتبر نام اور تاریخ کا اہم حصہ شاعرہ طاہرہ رباب صاحبہ نے اپنی نئی کتاب “کلیدِ حجاب” کا تعارف پیش کیا۔ جب انہوں نے اپنے بالخصوص منفرد اور لحن انداز میں غزلیں اور نظمیہ کلام پیش کیا تو ہال میں کامل خاموشی (Pin Drop Silence) چھا گئی۔ ان کے ساتھ ساتھ دیگر شعراء نے بھی اپنا بہترین کلام سنا کر محفل کو گرمایا۔

سفارتی و علمی شخصیات کی شرکت:

تقریب میں پاکستان ایمبیسی برلن سے فرسٹ سیکرٹری علی شاہد اور پریس کونسلر ڈاکٹر سہیل آفتاب (Dr. Sohail Aftab) نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دیارِ غیر میں اردو کے فروغ کی اس کاوش کو بے حد سراہا۔

علاوہ ازیں، ہیمبرگ میڈیکل یونیورسٹی کے سابق استاد اور مشہور دوا ساز ادارے (Roche) کے سابق چیف ڈائریکٹر ساؤتھ ایسٹ ایشیا پروفیسر ڈاکٹر اگروال (جن کا تعلق لکھنؤ اور بدایوں سے ہے) نے بھی شرکت کی اور شعراء کے کلام کو بے حد پسند کرتے ہوئے داد و تحسین سے نوازا۔

(تصویر 3: پاکستان ایمبیسی کے نمائندگان اور دیگر معززینِ شہر)

نمایاں شخصیات اور میزبانی:

پروگرام کو مزید باوقار بنانے میں پاکستان جرمن سوسائٹی کے وائس پریزیڈنٹ اور پیپلز پارٹی جرمنی کے انفارمیشن سیکرٹری فرید شاہ، اور ہیمبرگ کی مرکزی ملٹی کلچرل مسجد کے بانی صدر  غضنفر اُلدین احمد کی آمد نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں شخصیات نے تقریب اور اردو کے فروغ کے اس جذبے کی بھرپور پذیرائی کی۔

پرتکلف ضیافت:

اختتام پر میزبان شہزاد ظفر علوی، ذیشان الیاس اور دیگر انتظامیہ کی جانب سے تمام مہمانوں کے لیے ایک شائقانہ اور پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ ذائقہ دار سموسوں، سویٹس کو محترم ناصر مبارک اور جناب شہزاد علوی کی جانب سے منگوائے گئے گرما گرم پکوڑوں  اور چوہان صاحب کی طرف سے کیک پانی، چائے اور کافی نے روایتی ون ڈش پارٹی کا سماں باندھ دیا اور سب کا دل جیت لیا۔

ویلاگ اور تحریر:

اس تاریخی تقریب کی تمام تر جھلکیاں، اہم لمحات اور شخصیات کے انٹرویوز جلد ہی مشہور پوڈ کاسٹر، ولاگر اور موٹیویشنل سپیکر شاہ رخ محمود کے یوٹیوب چینل “Shahrukh King Man” پر خصوصی ولاگ کی صورت میں پیش کیے جائیں گے۔

تحقیق و تحریر:

شاہ رخ محمود

(پوڈ کاسٹر، ولاگر و موٹیویشنل سپیکر – ہیمبرگ، جرمنی)

Loading