Daily Roshni News

لاہورہائیکورٹ نےمحمد رضوان کی این سی سی آئی اے کی طلبی کیخلاف درخواست مسترد کردی

لاہور ہائیکورٹ نے قومی کرکٹر محمد رضوان کی این سی سی آئی اےکی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

این سی سی آئی اے کے نوٹسز کوچیلنج کرنے والے قومی کرکٹر محمد رضوان کو لاہور ہائیکورٹ سے ریلیف نہ مل سکا۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں این سی سی آئی اے کے نوٹسز کو غیر قانونی اور دائرہ اختیار سے باہر قرار دیا گیا تھا۔

محمد رضوان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کرکٹر پر آن لائن بیٹنگ اور جوئے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔درخواست میں کہا گیا کہ کرکٹ میں کرپشن سے متعلق تحقیقات آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ کرتا ہے۔

وکیل کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے بعد حکومتی ایجنسی کے افسر نے ہوٹل کی لابی میں محمد رضوان سے تفتیش کی اور ان کا موبائل فون تحویل میں لے لیا۔

سماعت کےدوران وکیل کے پاس کیس فائل موجود نہ ہونے پرچیف جسٹس عالیہ نیلم نے سخت ناراضی کا اظہارکیا،عدالت نے محمد رضوان کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں این سی سی آئی اے کے نوٹسز کا جواب دینے کی ہدایت کردی۔

درخواست میں محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کی تحقیقات کی نوعیت اور دائرہ اختیار پرسوالات اٹھائے ہیں،موقف اختیار کیا کہ طلب کیےجانےکی کوئی مخصوص وجہ نہیں بتائی گئی،این سی سی آئی اے سے تحقیقات کی بنیاد اورانہیں طلب کرنےکی وجوہات بتانےکا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ این سی سی آئی اے نےمحمد رضوان اور امام الحق کوانگلینڈسیریز کےدوران ڈریسنگ روم سےمتعلق مبینہ معلومات لیک ہونےکی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا تھا،دونوں کرکٹرز سے موبائل فونز سے متعلق بھی تحقیقات کی گئی ہیں۔

Loading