Daily Roshni News

زمین سورج کے گرد بھی چکر لگا رہی ہے؟

تحریر ۔۔۔۔۔  یاسر علی اعوان

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ تحریر ۔۔۔۔۔  یاسر علی اعوان )ایک سوال جو مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ اگر زمین اتنی تیزی سے گھوم رہی ہے تو ہوائی جہاز اُڑتے ہی پیچھے کیوں نہیں رہ جاتا؟

مطلب آپ ہوائی جہاز میں بیٹھے ہیں۔ جہاز رن وے سے اُڑتا ہے اور آسمان میں پہنچ جاتا ہے اور اب زمین مسلسل گھوم رہی ہے۔

تو اگر جہاز ہوا میں کچھ گھنٹے ایک ہی جگہ رُکا رہے تو کیا زمین خود گھوم کر آپ کی منزل کو آپ کے نیچے نہیں لے آئے گی؟

یہ بات پہلی نظر میں کافی منطقی لگتی ہے… بس لگتی ہی ہے.. ہے نہیں. کیونکہ اصل کھیل کچھ اور ہے۔

آپ پہلے ہی حرکت کر رہے ہیں.. ہاں آپ صوفے یا بیڈ پر ٹانگ پر ٹانگ چڑھائے نیم دراز بیٹھے لیٹے ہیں پر پھر بھی ایک غیر محسوس سے حرکت میں ہیں.. کیونکہ زمین اپنے محور پر گھوم رہی ہے اور ہم سب بھی اس کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔

میرے شہر راولپنڈی کی مثال ہی لے لیں اس کے قریب زمین کی سطح تقریباً 1300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرق کی طرف حرکت کر رہی ہے۔

یعنی آپ جب جہاز میں بیٹھنے کے لیے گھر سے نکلے، اس وقت بھی آپ زمین کے ساتھ تقریباً 1300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہے تھے۔

تو جناب آپ کو اس کا احساس اس لیے نہیں ہوتا کیونکہ زمین کی یہ رفتار مسلسل اور تقریباً ہموار ہے۔ اب جہاز اُڑتا ہے تو وہ آپ کی یہ مشرق کی طرف والی رفتار اچانک ختم نہیں کرتا۔

وہ اسی حرکت کے ساتھ فضا میں داخل ہوتا ہے۔

نئی گل سمجھ لگی؟ چلیں اسے ایک آسان تجربے سے سمجھتے ہیں

چلتی ہوئی ٹرین میں ایک گیند سیدھی اوپر اچھالیں تو ٹرین آگے جا رہی ہے، لیکن گیند آپ کے پیچھے نہیں گرے گی بلکہ وہ تقریباً وہیں واپس آئے گی جہاں سے اچھالی گئی تھی۔

کیونکہ گیند کے پاس اوپر جانے سے پہلے ہی ٹرین کے ساتھ آگے بڑھنے والی سپیڈ موجود تھی۔

زمین اور جہاز کے معاملے میں بھی بنیادی اصول تو یہی ہے۔ جہاز بھی زمین سے اُڑتے وقت زمین کی گردش کی رفتار کو اپنے ساتھ لے کر اُڑتا ہے۔

اور صرف جہاز ہی نہیں… اس کے اردگرد موجود فضا بھی زمین کے ساتھ ہی بڑی حد تک حرکت کر رہی ہے۔ اسی لیے جہاز کے لیے زمین کوئی گھومتی ہوئی پلیٹ نہیں جس سے وہ اُڑتے ہی پیچھے رہ جائے۔

یہاں اکثر سمجھدار لوگ ایک دوسرا سوال ٹھوک دیتے ہیں…

اگر زمین کی گردش اتنی اہم ہے تو مشرق اور مغرب کی طرف جانے والے جہازوں کے سفر کے اوقات میں فرق کیوں ہوتا ہے؟

لو کی تیار ہو جاؤ فر اک اور جواب کیلئے

یہاں بڑا اہم کردار ہوا کا ہے۔ ہوائی جہاز ہوا کے مقابلے میں ایک خاص رفتار سے اُڑتا ہے، جبکہ ہوا خود زمین کی نسبت سے حرکت کر رہی ہوتی ہے۔

اگر ہوا جہاز کے پیچھے سے آئے تو جہاز کی زمینی رفتار بڑھ سکتی ہے اور اگر ہوا سامنے سے آئے تو سفر لمبا ہو سکتا ہے۔

اسی لیے صرف اتنا کافی نہیں کہ زمین گھوم رہی ہے، اس لیے جہاز کو زمین کے ساتھ چلنا چاہیے بلکہ اصل میں جہاز، فضا اور زمین سب ایک ہی بڑے متحرک نظام کا حصہ ہیں۔

اور شاید سب سے حیرت انگیز بات بھی یہ ہے کہ آپ ابھی یہ تحریر پڑھ رہے ہیں اور بظاہر بالکل ساکن بیٹھے لیٹے ہیں…

لیکن اس دوران حقیقت میں آپ زمین کے ساتھ سینکڑوں کلومیٹر کا خلا میں سفر کر چکے ہیں۔

زمین گھوم رہی ہے…. فضا حرکت کر رہی ہے…. زمین سورج کے گرد بھی چکر لگا رہی ہے۔

اور ہمیں پھر بھی لگ رہا ہے کہ ہم بس بیٹھے ہوئے ہیں!

ہم ساکن نہیں ہیں، ہمیں صرف اپنی حرکت کا احساس نہیں ہوتا۔

پوسٹ کو لائیک اور شئیر کریں.. ❤️👍

#یاسر_علی_اعوان

Rawalpindi Astronomy Society – RAS

Loading