منہاج القرآن آئرلینڈ کے نائب صدر رضوان احمد طور کی رہائش گاہ ڈبلن میں عظیم الشان محفلِ میلاد ﷺ
محبتِ مصطفیٰ ﷺ اور ادبِ مصطفیٰ ﷺ ایمان کی روح ہے، علامہ محمد عدیل کا خصوصی خطاب
ڈبلن آئرلینڈ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ وسیم بٹ )منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیرِ اہتمام منہاج القرآن آئرلینڈ کے نائب صدر رضوان احمد طور کی رہائش گاہ ڈبلن میں ایک نہایت بابرکت، روح پرور اور ایمان افروز محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں عاشقانِ رسول ﷺ، منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ تنویر حسین اور اروش احمد نے حاصل کی۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد ثنا خوانانِ مصطفیٰ ﷺ اسد علی، عبداللہ مبشر اور نوید بٹ نے دف کی پرسوز لے کے ساتھ بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ خوبصورت انداز میں پیش کی جانے والی نعتوں سے محفل میں عشقِ رسول ﷺ کی کیفیت نمایاں ہوگئی اور حاضرین پر ایک روحانی کیف و سرور کی کیفیت طاری رہی۔
محفل کی نظامت کے فرائض محی الدین نے نہایت خوبصورتی اور عمدگی سے انجام دیے۔ انہوں نے محفل کے مختلف مراحل کو مربوط انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے شرکائے محفل کو عشقِ مصطفیٰ ﷺ اور ذکرِ رسول ﷺ کی اس بابرکت محفل سے جوڑے رکھا۔
اس موقع پر علامہ محمد عدیل نے ’’محبتِ مصطفیٰ ﷺ اور ادبِ مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے علمی، فکری اور روحانی خطاب میں محبتِ رسول ﷺ کی اہمیت، ادبِ بارگاہِ رسالت ﷺ کے تقاضوں اور سیرتِ طیبہ کی روشنی میں ایک مسلمان کی عملی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ محبتِ مصطفیٰ ﷺ محض زبانی دعویٰ نہیں بلکہ آپ ﷺ کی سیرت، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ سے عملی وابستگی کا نام ہے۔
خطاب کے دوران شرکائے محفل نے نہایت انہماک اور عقیدت کے ساتھ کلماتِ خیر اور ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سماعت کیے۔ محفل کے ماحول میں درود و سلام اور عشقِ رسول ﷺ کی کیفیت نمایاں رہی۔
محفل کے اختتام پر تمام حاضرین نے مل کر آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ بعد ازاں پیر شیراز حسین قادری نے عالمِ اسلام کی سلامتی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی، درازیٔ عمر اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی ۔
محفل کے اختتام پر شرکائے محفل نے اس بابرکت اور روحانی اجتماع کے انعقاد پر رضوان احمد طور اور دیگر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ محفل نے شرکاء کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ، ذکر و درود اور دینی وابستگی کے جذبات کو مزید اجاگر کیا۔
اور حاضرین کی تواضع مصطفویؐ لنگر سے کی گئی ۔
![]()


















