منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے زیراہتمام نماز عیدالاضحی کا عظیم الشان اجتماع
جرمنی ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔ سید علی جیلانی )جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے زیرِ اہتمام نمازِ عید الاضحیٰ کا ایک عظیم الشان اور روح پرور اجتماع Frankfurt Nordwest Zentrum میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانی و مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ مرد و خواتین، بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی کثیر تعداد نے اس بابرکت اجتماع میں شرکت کر کے عید کی خوشیوں کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔
اس روحانی اور پُروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب فہد الرحمن، کونسلر جنرل پاکستان قونصلیٹ فرینکفرٹ تھے، جنہوں نے کمیونٹی کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شرکت کی اور منہاج القرآن کی دینی، سماجی اور فلاحی خدمات کو سراہا۔
نمازِ عید سے قبل معروف مذہبی اسکالر و چیئرمین انٹرنیشنل پیس کونسل، مفتی ممتاز حسین نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے عید الاضحیٰ کے فلسفۂ قربانی، امن، محبت، رواداری، اخوت، ایثار اور جذبۂ ایمانی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مسلم اُمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مسلمانوں کو باہمی اتحاد، صبر اور اخلاص کے ساتھ دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دینا ہوگا۔
اجتماع میں ڈاکٹر پروفیسر ناصر محمود (یونیورسٹی آف Leipzig) نے عربی خطبۂ عید ارشاد فرمایا، جس میں انہوں نے سنتِ ابراہیمیؑ، قربانی کے روحانی تقاضوں اور امتِ مسلمہ کی فلاح و کامیابی کے موضوعات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر گیلانی برادران، عاطف ڈار، شانِ پاکستان چوہدری نذر حسین، سید نظام الدین چشتی قادری نظامی سمیت مختلف سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے قربانی مہم میں بھی کمیونٹی نے بھرپور کردار ادا کیا اور ضرورت مند خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجتماعِ عید میں امتِ مسلمہ بالخصوص پاکستان، افواجِ پاکستان، کشمیر، فلسطین اور ایرانی عوام کے حق میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔ عالمِ اسلام میں امن، استحکام اور بھائی چارے کے قیام کے لیے بھی دعا مانگی گئی۔
نمازِ عید کے بعد شرکاء کے لیے پرتکلف ناشتے کا اہتمام کیا گیا، جہاں فیملیز نے خوشگوار ماحول میں عید کی خوشیاں منائیں۔ بچوں کے چہروں پر عید کی خوشیاں نمایاں تھیں جبکہ حاضرین نے اس شاندار اور منظم اجتماع کو بے حد سراہا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ نے اس کامیاب اجتماع کے انعقاد پر تمام رضاکاروں، معاونین اور شرکاءِ تقریب کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ دینی، فلاحی اور سماجی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی

![]()

