*نواسہ رسول ﷺ، حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مسجد المدینہ ویانا میں ایک روح پرور محفل کا انعقاد*
آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ محمد عامر صدیق ویانا) نواسہ رسول ﷺ، حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک سینٹر مسجد المدینہ ویانا میں ایک روح پرور محفل کا انعقاد 12جولائی بروز اتوار بعد از نماز ظہر کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام، صحافیوں، سماجی شخصیات اور آسٹریا بھر کہ مختلف شہروں سے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سب سے پہلے محفل کا آغاز حسیب بلوچ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں احمد بلوچ،شہریار خان،غلام مصطفی نعیمی،اظہر شاہ،پروفیسر مسرت شوکت اعوان اور قاری شبیر اور مختلف نعت خوانان نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل کی نظامت کے فرائض قاری شبیر نے دا کیے۔
محفل میں علامہ غلام مصطفی بلوچ اور علامہ زین العابدین نے فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام اور محبت اہل بیت اطہار کے موضوع پر قرآن و سنت کی روشنی میں خطابات کیے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے علم و تقویٰ کے میدان میں اعلیٰ مقام حاصل کیا اور ہمیشہ دین کی سربلندی کیلئے کوشش کی اور میدان کربلا میں معرکہ حق و باطل کے دوران امام حسین کی شہادت نے اسلام کو ایک نئی روح بخش دی۔ آپ کی عظیم شہادت نے مسلمانوں کو ظلم کے خلاف لڑنے اور حق کی حمایت میں کھڑے ہونے کا حوصلہ دیا ہے۔ واقعہ کربلا ہمیں صبر، استقامت، ایثار، اتحاد اور دین پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فرقہ واریت، نفرت اور انتشار سے گریز کرتے ہوئے اتحاد و اخوت کو فروغ دیں۔
محفل کے آخر میں علامہ غلام مصطفی بلوچ نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بعداز میں سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا اور تمام شہداء کربلا کی مقدس ارواح کو ایصال ثواب اور تمام امت مسلمہ پاکستان کی ترقی و سلامتی اور حاضرین کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ محفل کے شرکاء کی تواضح حسینی لنگر سے کی گئی۔
![]()













