پیرس: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں خصوصی تقریب، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی
پیرس فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ ۔۔۔ منیر احمد ملک) فرانس میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
تقریب کے آغاز میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ان پیغامات میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون، جو ان دنوں فرانس کے دورے پر ہیں، نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اناسی برسوں سے کشمیری عوام آزادی اور حقِ خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، اور ان کی یہ جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کی استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت، آبادیاتی تناسب اور سیاسی تشخص کو تبدیل کرنا تھا، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق نہیں ہو جاتا۔
تقریب سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین نے بھی 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی، بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہی کا مطالبہ کیا اور کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں، طلبہ، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
رپورٹ:
منیر احمد ملک بیورو چیف پیرس فرانس
![]()










