یوم اقبال کی تقریب، زیر اہتمام بزم ادب نیدرلینڈز
۔28 نومبر 2026 کو ہوگی۔ میاں عاصم کی رہائش گاہ پر
جاوید عظیمی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں فیصلہ۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل ۔۔۔خصوصی مندوب) گزشتہ دنوںبروز ہفتہ 7 نومبر 2026 میاں عاصم محمود نے اپنی رہائش گاہ پر بزم ادب نیدرلینڈز کے زیر اہتمام ہونےوالی یوم اقبال کی تقریب کے انعقاد کے سلسلے میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا ۔ مذکورہ اجلاس سے قبل میزبان نے ٹیم ممبران کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں میزبان اول عاصم محمود کے صاحبزادےنبھان محمود کی اقتدا میں نماز عشاء ادا کی گئی ۔مشاورتی اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے نبهان محمود نے اپنی خوبصورت آواز میں کیا ، جبکہ بارگاہ رسالت مآبﷺ میں مجتبے خادم بٹ اورچوہدری محمد اصغر نے نعتوں کی صورت میں محبتوں کے پھول نچھاور کئے۔
بزم ادب نیدرلینڈز کے سربراہ محمد جاوید عظیمی کی زیر صدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں تمام ممبران نے باہمی مشاورت سے فیصلہ دیا ۔ اس فیصلے کی روشنی میں یوم اقبال کی پر وقار تقریب بروز ہفتہ 28 نومبر 2026 شام ساڑھے چھ بجے بعد نماز عشاء پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ میں منعقد کی جائے گی۔ متذکرہ تقریب کے کےانعقاد اور تیاری کے سلسلے میں اتفاق رائے سے اہم فیصلے بھی کئے گئے ۔ جاوید عظیمی نے شرکائے اجلاس کو مذکورہ تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے شعرائے کرام اور ممتاز علمی شخصیات سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اجلاس کے اختتام پر جاوید عظیمی نے ذکر جہر اور مراقبہ بھی کروایا ۔
حافظ بلال نوشاہی نے اجتماعی دعا کروائی ، قبل ازیں نماز عشاء کے بعد میز بان عاصم محمود جو پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل کے سینٹر دی ہیگ کے صدر بھی ہیں ۔ انہوں نے لذت کام و دہن کے سلسلے میں شرکائے اجلاس کی تواضع مزیز عمده پاکستانی کھانوں اور گرماگرم کشمیری چائے سے کی۔ آئندہ اجلاس بروز جمعتہ المبارک 13 نومبر شام سات بجے بزم ادب نیدرلینڈز کے اہم رکن چوہدری محمد الیاس کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔