✨ اچھی بات کی طاقت ✨
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایک بادشاہ نے اعلان کر رکھا تھا کہ جو کوئی اچھی اور دانائی بھری بات کرے گا، اسے چار سو دینار (سونے کے سکے) انعام میں دیے جائیں گے۔
ایک دن بادشاہ اپنی رعایا کا حال جاننے نکلا۔ اس نے دیکھا کہ ایک نوے سالہ بوڑھی عورت زیتون کے پودے لگا رہی ہے۔ بادشاہ نے حیران ہو کر کہا:
“تم چند سالوں میں دنیا سے چلی جاؤ گی، جبکہ یہ درخت بیس سال بعد پھل دیں گے، پھر اتنی محنت کا کیا فائدہ؟”
بوڑھی عورت نے مسکرا کر جواب دیا:
“ہم نے جو پھل کھائے، وہ ہمارے بڑوں نے لگائے تھے… اب ہم لگا رہے ہیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں کھائیں۔”
بادشاہ اس جواب سے بہت متاثر ہوا اور فوراً حکم دیا کہ اسے چار سو دینار دیے جائیں۔
جب بوڑھی عورت کو دینار ملے تو وہ مسکرانے لگی۔
بادشاہ نے پوچھا: “کس بات پر مسکرا رہی ہو؟”
وہ بولی:
“یہ درخت تو بیس سال بعد پھل دیتے، مگر مجھے تو اس کا پھل ابھی مل گیا۔”
یہ سن کر بادشاہ مزید خوش ہوا اور مزید چار سو دینار دینے کا حکم دے دیا۔
جب اسے مزید دینار ملے تو وہ پھر مسکرا دی۔
بادشاہ نے حیرت سے پوچھا: “اب کیوں مسکرائی ہو؟”
بوڑھی عورت نے جواب دیا:
“زیتون کا درخت سال میں ایک بار پھل دیتا ہے، لیکن میرے درخت نے تو دو بار پھل دے دیا!”
بادشاہ اس کی دانائی پر مزید متاثر ہوا اور ایک بار پھر چار سو دینار دینے کا حکم دے دیا۔ پھر وہ فوراً وہاں سے روانہ ہو گیا۔
وزیر نے پوچھا: “حضور، آپ اتنی جلدی کیوں چلے آئے؟”
بادشاہ نے کہا:
“اگر میں مزید رکا رہتا تو میرا خزانہ ختم ہو جاتا، مگر اس عورت کی حکمت بھری باتیں ختم نہ ہوتیں!”
💫 حقیقت یہ ہے کہ اچھی بات دل جیت لیتی ہے، نرم لہجہ دشمن کو بھی دوست بنا دیتا ہے، اور دانائی بھرا جملہ بادشاہوں کو بھی قریب لے آتا ہے۔
اچھی باتیں دنیا میں دوست بڑھاتی ہیں، دشمن کم کرتی ہیں، اور آخرت میں اجر و ثواب کا سبب بنتی ہیں۔
آپ دولت سے بہت کچھ خرید سکتے ہیں، مگر دلوں کو جیتنے کے لیے صرف اچھے الفاظ ہی کافی ہوتے ہیں 💯
اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگے تو مجھے فالو ضرور کریں
![]()

