Daily Roshni News

صبح اٹھتے ہی کمر میں درد ہونا

صبح اٹھتے ہی

کمر میں درد ہونا

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )صبح اٹھتے ہی کمر میں درد ہونا صرف تھکن کی علامت نہیں ہوتا، کئی بار جسم رات بھر ہمیں خاموشی سے اشارے دیتا رہتا ہے کہ کہیں نہ کہیں مسئلہ بن رہا ہے۔ کچھ لوگوں کو بستر سے اٹھتے وقت کمر اکڑی ہوئی محسوس ہوتی ہے، جبکہ کچھ کو سیدھا کھڑا ہونے میں چند منٹ لگتے ہیں۔ اکثر لوگ فوراً سمجھتے ہیں کہ “شاید گردے خراب ہیں”، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ صبح کی کمر درد کی سب سے عام وجہ پٹھوں کی سختی، غلط سونے کی پوزیشن یا خراب میٹرس ہوتا ہے۔

اگر انسان ایک ہی کروٹ میں پوری رات سوئے، نرم یا بہت زیادہ دھنسنے والے گدے پر لیٹے، یا جسمانی حرکت کم ہو تو ریڑھ کی ہڈی کے اردگرد موجود مسلز صبح اکڑ جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چلنے پھرنے کے چند منٹ بعد درد کچھ کم ہونے لگتا ہے۔ لیکن اگر درد روزانہ ہو، ٹانگوں تک جائے، سن ہونے کا احساس دے یا جھکنے میں شدید تکلیف ہو تو اسے صرف “عام درد” سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

ایک اور بڑی وجہ جسم میں بڑھتی ہوئی سوزش بھی ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر وہ لوگ جو زیادہ وزن رکھتے ہیں، مسلسل بیٹھ کر کام کرتے ہیں یا ورزش نہیں کرتے، ان میں صبح کی کمر درد زیادہ دیکھی جاتی ہے۔ کچھ مریضوں میں وٹامن D اور کیلشیم کی کمی بھی ہڈیوں اور پٹھوں کو کمزور بنا دیتی ہے، جس سے صبح کے وقت جسم بھاری اور کمر درد محسوس ہوتی ہے۔

لوگوں میں یہ بات بھی مشہور ہے کہ “صبح کمر درد ہو تو لازمی گردے خراب ہیں”، مگر ہر درد گردوں کی وجہ سے نہیں ہوتا۔ گردوں کے درد کے ساتھ اکثر پیشاب میں جلن، بخار، متلی یا سائیڈ میں شدید درد بھی شامل ہوتا ہے۔ صرف کمر اکڑنا زیادہ تر عضلات یا ریڑھ کی ہڈی سے متعلق مسئلہ ہوتا ہے۔

اگر صبح اٹھتے ہی کمر درد رہتی ہے تو سونے کا طریقہ بدلنا بہت فائدہ دیتا ہے۔ سیدھا لیٹنے والے لوگ گھٹنوں کے نیچے چھوٹا تکیہ رکھیں، جبکہ کروٹ لینے والے گھٹنوں کے درمیان تکیہ رکھ کر سوئیں۔ بہت نرم گدہ بدلنا بھی ضروری ہو سکتا ہے۔ صبح بستر سے فوراً جھٹکے سے اٹھنے کے بجائے پہلے جسم کو آہستہ حرکت دیں، پھر کھڑے ہوں۔ ہلکی واک اور اسٹریچنگ کئی لوگوں میں حیران کن فرق پیدا کرتی ہے۔

گرم تاثیر والے لوگوں میں اگر جسم میں پہلے ہی گرمی اور سوزش زیادہ ہو تو درد کے ساتھ جلن بھی محسوس ہو سکتی ہے، جبکہ ٹھنڈی تاثیر والے افراد میں اکڑاؤ اور سختی زیادہ دیکھی جاتی ہے۔ اسی لیے ہر شخص پر ایک ہی نسخہ یکساں اثر نہیں کرتا۔

لیکن اگر درد ایک مہینے سے زیادہ رہے، رات میں جگائے، وزن کم ہونے لگے یا ٹانگ کمزور محسوس ہو تو فوری ڈاکٹر سے معائنہ کروانا ضروری ہے، کیونکہ بعض اوقات یہی علامات سلپ ڈسک، آرتھرائٹس یا ریڑھ کی ہڈی کی بیماریوں کی ابتدا بھی ہو سکتی ہیں۔

Loading