Daily Roshni News

کیا لونڈی کلچر اسلام کا حصہ ہے ؟؟؟

کیا لونڈی کلچر اسلام کا حصہ ہے ؟؟؟

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )نماز عشاء کے بعد امام صاحب نے قرآن کا درس شروع کیا انکے آج کے درس کا موضوع لونڈیوں کے معاملات پر تھا میں نے ان کا درس بغور سنا جو کہ ان باتوں پر مشتمل تھا ۔

ْ*لونڈیوں سے مباشرت

*لونڈیاں مجاہدین کے لیۓ اللہ کا تحفہ

*رسول اللہ ﷺ کی ملکیت میں لونڈیاں بلکہ ان سے اولاد بھی

*اللہ نے لونڈی بنانے پر پابندی نہیں لگائی

*ہاں آج کے دور میں لونڈی کلچر نہیں ہے کیونکہ اقوام متحدہ نے پابندی لگادی ہے ۔

امام صاحب نے یہ تمام باتیں اپنی طرف سے نہیں کہیں بلکہ ہمارے ہر دین کے عالم کا یہی نقطہ نظر ہے کیونکہ قرآن کے علاوہ روایات اور فقہ کی کتابوں میں اس موضوع پر بڑا کلام کیا گیا ہے ۔

درس قرآن کے بعد میں عالم صاحب سے ملا اور ان سے بڑے ادب سے عرض کیا کہ حضرت دین کے احکامات کون طے کرتا ہے ؟

وہ بولے کہ اللہ ۔تو میں کہا

“آپ نے ابھی اپنے درس میں فرمایا کہ اللہ نے لونڈی کلچر پر کوئی پابندی نہیں لگائی اسکا مطلب ہے آج بھی یہ دین کا حکم ہے مگر آپ نے کہا کہ آج لونڈی کلچر نہیں کیونکہ اقوام متحدہ نے پابندی لگادی ۔یہ توہین آمیز بات میری سمجھ سے باہر ہے “

امام صاحب اپنی بات کے جواز میں وہی باتیں کرنے لگے جو انھوں نے پڑھ رکھی تھیں تو میں نے دوبارہ کہنا شروع کیا ۔

“حضرت اگر کچھ تدبر قرآن میں بھی کرلیا ہوتا تو یہ بات نہ کہتے کہ اللہ نے لونڈی کلچر ختم نہیں کیا

سورہ محمد آیت 4 جنگ بدر کے بعد نازل ہوئی جو کہ اسلام کی پہلی جنگ تھی ۔اس پہلی جنگ کے موقع پر ہی اللہ نے قیدیوں کے بارے میں یہ اصول بنادیا کہ قیدیوں کو غلام نہیں بنایا جاۓ گا بپکہ انھیں بغیر فدیہ احسان کرکے یا فدیہ کے عوض رہا کردیا جاۓ گا ۔

یعنی خلاصہ کلام یہ کہ اللہ نے لونڈی غلام کلچر کو ریاست مدینہ میں شروع ہونے سے پہلے ہی ختم کردیا تھا اور کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جناب رسول اللہ ﷺ اس حکم کے خلاف جاکر لوگوں کو غلام یا عورتوں کو لونڈیاں بناکر اپنے ساتھیوں میں تقسیم کرتے معاذاللہ یہ ایک بہت بڑا بہتان ہے جوکہ ان بہت سے بہتانوں میں شامل ہے جو جناب رسول اللہ ﷺ کی نسبت سے بیان کیۓ جاتے ہیں ۔

دراصل یہ اور اس جیسی اور بہتان بازیاں جو روایات کی کتابوں میں موجود ہیں وہ فارسی افسانہ نگاروں کی قلمی خرافات ہیں جنھیں آج تک ہمارے علماء تک نہیں سمجھ پارہے اور جانے انجانے میں رسول اللہ ﷺ کی اہانت کا سبب بن رہے ہیں ۔

لونڈی کلچر فارس اور بازنطین سمیت دنیا میں رائج تھا اسلام کے بعد اس کلچر کو فارسیوں نے اسلامک ٹچ دے کر نہ صرف زندہ رکھا بلکہ اہانت رسول کرتے ہوۓ آپکے مطہر اور مکرم گھرانے میں بھی لونڈی کلچر ثابت کردیا ۔

میں آج کے اہل علم طبقے کو دعوت بصیرت دیتا ہوں کہ خدارا دوران تعلیم جتنا تدبر آپ روایات اور فقہ میں کرتے ہو اس سے کہیں زیادہ قرآن کو سمجھنے کی کوشش کیجیے اور  روایات کی کتابوں میں موجود ایسی تمام باتوں سے ڈنکے کی چوٹ پر نہ صرف براؑت کا اعلان کریں بلکہ ایسی تمام باتوں سے ان کتابوں کو پاک کریں ۔

Loading