خفیہ معاشرے: کیا؟ کیوں؟ کیسے؟ کب؟ اور کہاں؟ (قسط 1: سرگوشیوں کی سلطنت: انسانی تاریخ میں خفیہ معاشروں کا ارتقاء، نفسیات اور طاقت کا کھیل) – بلال شوکت آزاد
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ تحریر ۔۔۔۔۔ بلال شوکت آزاد)تاریخ کے اوراق جب بھی پلٹے جاتے ہیں تو ان پر عموماً فاتحین کے گھوڑوں کی ٹاپوں، شہنشاہوں کے جاہ و جلال، مفتوح اقوام کی چیخوں اور دن کی روشنی میں لکھی گئی داستانوں کے نقوش ملتے ہیں۔
ہم وہ تاریخ پڑھتے ہیں جو درباروں کے روزنامچوں، سرکاری مؤرخین کی کتابوں اور فاتحین کی یادگاروں میں محفوظ کی گئی۔ لیکن اگر تاریخ کے اس ظاہری اور چمکدار غلاف کو ذرا سا کھرچ کر دیکھا جائے، تو ایک انتہائی حیرت انگیز اور پراسرار حقیقت منکشف ہوتی ہے۔
یہ حقیقت بتاتی ہے کہ اقتدار، مذہب، اور علم کی اس بساط کے پیچھے ہمیشہ ایک اور متوازی دنیا سانس لیتی رہی ہے۔
یہ وہ دنیا ہے جہاں قوموں کے مستقبل کے فیصلے چوکوں، چوراہوں یا عوامی ایوانوں میں نہیں، بلکہ معبدوں کے تاریک تہہ خانوں، شاہی محلات کے خفیہ کمروں، اور پراسرار خانقاہوں میں کیے جاتے تھے۔ یہ وہ دنیا ہے جس کی زبان عام انسانوں کی زبان نہیں تھی؛ یہ سرگوشیوں، علاماتی کوڈز، اور پراسرار اشاروں کی سلطنت تھی۔
انسان نے جب غاروں کی تاریک زندگی سے نکل کر تہذیب اور تمدن کی بنیاد رکھی، تو اس نے کائنات کی پیچیدگیوں کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ طاقت کے ایک کائناتی اصول کو بڑی جلدی سیکھ لیا تھا: جو علم، حکمت یا رازِ اقتدار عام ہو جائے، وہ اپنی طاقت اور ہیبت کھو دیتا ہے۔
طاقت کا اصل منبع اور اس کی پراسراریت اسی وقت تک محفوظ رہتی ہے جب تک اسے چند مخصوص، آزمائے ہوئے اور چنے ہوئے افراد تک محدود رکھا جائے۔
مشہور امریکی محقق اور باطنی علوم کے ماہر مینلی پی ہال نے اس نفسیات کو انتہائی خوبصورتی سے بیان کیا ہے:
“The initiated, possessing a knowledge of the divine principles, were bound by a sacred oath never to reveal them to the profane”
(“وہ مخصوص افراد جنہیں شمولیت کی رسم کے ذریعے کائناتی اصولوں کا علم عطا کیا جاتا تھا، ایک مقدس حلف کے پابند ہوتے تھے کہ وہ ان رازوں کو کبھی بھی عام اور ناواقف لوگوں پر ظاہر نہیں کریں گے”) [مینلی پی ہال، دی سیکرٹ ٹیچنگز آف آل ایجز، صفحہ 21]۔
جب ہم اس سلسلہ وار تحقیقی انسائیکلوپیڈیا کا آغاز کر رہے ہیں، جس کا مقصد دنیا کی ان تمام پراسرار اور خفیہ تنظیموں، باطنی تحریکوں، عالمی اشرافیہ کے کلبوں اور طاقت کے پوشیدہ مراکز کا بے لاگ، عقلی اور تاریخی پوسٹ مارٹم کرنا ہے، تو ہمارا پہلا اور سب سے بنیادی فلسفیانہ سوال یہی بنتا ہے کہ آخر یہ ‘خفیہ معاشرے’ یا ‘سیکرٹ سوسائٹیز’ ہوتی کیا ہیں؟
ان کی تشکیل کا جواز کیا ہے، یہ کیوں بنتی ہیں، کیسے کام کرتی ہیں، اور تاریخ کے کس موڑ پر ان کی ابتدا ہوئی؟
علمِ عمرانیات اور جدید سیاسیات کے ماہرین جب خفیہ معاشروں کے خدوخال پر بحث کرتے ہیں تو وہ انہیں ان کی ساخت اور مقاصد کے اعتبار سے دو بنیادی دائروں میں تقسیم کرتے ہیں۔
پہلا دائرہ ان تنظیموں پر محیط ہے جن کا وجود ہی مکمل طور پر صیغہِ راز میں ہوتا ہے؛ یعنی عام معاشرے کو یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ایسی کوئی تنظیم ان کے درمیان سانس لے رہی ہے۔ یہ تنظیمیں عموماً خالصتاً جرائم پیشہ، قاتلانہ، یا پھر انقلابی نوعیت کی ہوتی ہیں، جن کا واحد مقصد کسی قائم شدہ ریاست، سلطنت یا نظام کو اندر سے کھوکھلا کر کے گرا دینا ہوتا ہے۔
دوسرے دائرے میں وہ تنظیمیں آتی ہیں جن کا وجود تو معاشرے پر ظاہر ہوتا ہے، ان کی شاندار عمارتیں اور محلات بھی شہر کے وسط میں موجود ہوتے ہیں، اور لوگ یہ بھی جانتے ہیں کہ معاشرے کا فلاں بااثر شخص اس تنظیم کا رکن ہے، مگر ان کے اصل مقاصد، ان کی داخلی رسومات، ان کی رکنیت کی مکمل فہرست، اور ان کے حتمی اہداف پر رازداری کا ایک ایسا گہرا اور پراسرار غلاف چڑھا ہوتا ہے جسے سمجھنا عام آدمی کے بس میں نہیں ہوتا۔ آج کے جدید دور میں فری میسنری (Freemasonry) اور سکل اینڈ بونز (Skull and Bones) جیسی تنظیمیں اسی دوسری قسم کی نمایاں مثالیں ہیں۔
لیکن یہاں ایک انتہائی بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ خفیہ تنظیمیں محض جدید دور کے استحصالی نظاموں یا سازشی نظریات (Conspiracy Theories) کی پیداوار ہیں؟
تاریخ اور عمرانیات کا گہرا مطالعہ اس مفروضے کی قطعی نفی کرتا ہے۔
ان کی جڑیں انسانی نفسیات کی اس قدیم ترین تہہ میں پیوست ہیں جہاں انسان پہلی بار کائنات کی وسعتوں، موت کے خوف، اور حیاتِ بعد الممات کے پیچیدہ سوالات کے سامنے بے بس کھڑا ہوا تھا۔
جب ابتدائی انسان نے آسمان پر کڑکتی بجلی، طوفانوں، بیماریوں اور موت کو دیکھا تو اس کی جبلت نے اسے کسی مافوق الفطرت سہارے کی تلاش پر مجبور کیا۔ اسی خوف اور تجسس نے تہذیبوں کے ان ابتدائی ادوار میں ‘مسٹری سکولز’ (Mystery Schools) اور ‘پریسٹ ہوڈز’ (Priesthoods – کاہنوں اور پادریوں کے مخصوص طبقات) کو جنم دیا۔
یہ کاہن وہ لوگ تھے جنہوں نے کائنات کے مظاہر پر غور کیا، ستاروں کی گردش، موسموں کے تغیر اور جڑی بوٹیوں کے خواص کو سمجھا، اور پھر اس علم کو عام انسانوں تک پہنچنے سے روک کر اپنے لیے ایک پراسرار اور طاقتور مذہبی طبقہ کھڑا کر لیا۔
عظیم مسلمان ماہرِ عمرانیات علامہ ابن خلدون انسانی معاشروں میں اقتدار اور عصبیت کے جنم لینے کے اصول بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
“والاجتماع الإنساني ضروري… ولا بد لهم من وازع يدفع بعضهم عن بعض”
(“انسانی اجتماع اور معاشرتی زندگی ناگزیر ہے… اور انہیں آپس میں ایک دوسرے کے ظلم سے روکنے کے لیے ایک حاکم یا قابو پانے والی قوت کی ضرورت ہوتی ہے”) [عبدالرحمٰن ابن خلدون، مقدمہ ابن خلدون، الفصل الأول من الباب الأول]۔
کاہنوں اور قدیم دانشوروں نے اپنے خفیہ علوم اور پراسراریت کو ہی وہ ‘قوت’ اور ‘وازع’ بنا لیا جس کے ذریعے وہ معاشرے کو کنٹرول کرتے تھے۔
جب ہم ہزاروں سال قبل دریائے نیل کے زرخیز کناروں پر پھلنے پھولنے والی قدیم مصری تہذیب کی طرف مڑ کر دیکھتے ہیں، تو وہاں ہمیں دنیا کے اولین، منظم اور سب سے طاقتور خفیہ مراکز کے نقوش ملتے ہیں۔
مصر کے مندر، جیسے کارنک (Karnak) اور تھیبز (Thebes) کے عظیم الشان معبد، محض پوجا پاٹ کی جگہیں نہیں تھیں، بلکہ یہ اس دور کی عظیم ترین خفیہ یونیورسٹیوں اور طاقت کے مراکز کا درجہ رکھتے تھے۔
مصری کاہن اپنے دور کے سب سے بڑے ریاضی دان، ماہرینِ فلکیات، معمار، معالج اور کیمیا گر تھے۔
انہوں نے اوزیریس (Osiris)، آئسس (Isis) اور ہورس (Horus) جیسے دیوتاؤں کی داستانوں کو ایک ایسا پراسرار اور علاماتی نظام بنا دیا تھا جس کے ظاہری اور سطحی معانی تو عوام کے لیے تھے تاکہ وہ خوف اور عقیدت میں مبتلا رہیں، مگر ان داستانوں کے اندر چھپے ہوئے کائناتی، سائنسی اور باطنی راز صرف ان مخصوص افراد (Initiates) تک محدود تھے جو برسوں کی کٹھن، صبر آزما اور جان لیوا جسمانی و روحانی آزمائشوں سے گزر کر کاہنوں کے اس باطنی دائرے (Esoteric Circle) میں شامل ہوتے تھے۔
مصریوں کے ہاں ‘Initiation’ (شمولیت کی باطنی رسم) کا تصور محض ایک دعائیہ تقریب نہیں تھا، بلکہ یہ ایک استعاراتی موت اور حیاتِ نو (Rebirth) کا انتہائی نفسیاتی سفر تھا۔
ایک نئے آنے والے امیدوار کو مندر کے تاریک، گھٹن زدہ اور خوفناک تہہ خانوں میں اکیلا چھوڑ دیا جاتا تھا، جہاں اسے بھوک، پیاس، وہموں اور موت کے انتہائی قریب سے گزارا جاتا۔ جب وہ امیدوار اپنے پرانے وجود، انا اور دنیاوی خواہشات کو مار کر ان تمام آزمائشوں میں پورا اترتا، تب جا کر کاہنِ اعظم اسے وہ خفیہ علم عطا کرتا جس کے بارے میں ان کا عقیدہ تھا کہ یہ نظامِ کائنات کی اصل کنجیاں ہیں۔
یہ کاہن اس قدر طاقتور اور منظم تھے کہ وہ فرعونوں کی سیاسی طاقت پر بھی اثر انداز ہوتے تھے۔
اگرچہ فرعون کو بظاہر زمین پر خدا کا اوتار مانا جاتا تھا، مگر درحقیقت وہ ان کاہنوں کے خفیہ فلکیاتی فیصلوں اور ان کی سیاسی چالوں کا محتاج ہوتا تھا۔
اس دور میں مذہب، طاقت، اور راز کے باہمی تعلق کی جو بنیاد رکھی گئی، اسی نے آنے والی صدیوں میں دنیا کی تمام بڑی خفیہ تحریکوں کے لیے ایک ابتدائی سانچہ فراہم کیا۔
مصر کی ان پراسرار وادیوں سے نکل کر جب تہذیب کا مرکز دجلہ و فرات کی سرزمین یعنی قدیم بابل (Babylon) اور پھر فارس (ایران) کی طرف منتقل ہوا، تو وہاں بھی ہمیں علم کو خفیہ رکھنے اور اس کے ذریعے اقتدار کو کنٹرول کرنے کی روایت پوری شدت سے نظر آتی ہے۔
قدیم ایران اور بابل میں نجومیوں اور باطنی ساحروں کا ایک ایسا ہی طاقتور طبقہ موجود تھا جسے یونانیوں نے ‘مجوسیوں’ (Magi) کا نام دیا۔
یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے علمِ نجوم، ریاضیات اور عناصرِ فطرت کے علوم کو ایک خاندانی اور خفیہ وراثت بنا کر رکھا۔ وہ ستاروں کی چالوں کو پڑھ کر بادشاہوں کی تقدیر کے فیصلے کرتے، جنگوں کی تاریخیں طے کرتے اور سلطنت کے اہم ترین مشیروں کا درجہ رکھتے تھے۔
ان کا علم عام لوگوں کے لیے مکمل طور پر شجرِ ممنوعہ تھا۔
مگر جب تاریخ کا پہیہ مزید آگے بڑھا اور تہذیب و فکر کا مرکز قدیم یونان (Ancient Greece) کی طرف منتقل ہوا، تو وہاں ان ‘مسٹری سکولز’ نے ایک نئی، نسبتاً فلسفیانہ، عقلی، اور انتہائی گہری نفسیاتی جہت اختیار کی۔
یونان کے ‘ایلوسینین مستریز’ (Eleusinian Mysteries) انسانی تاریخ کی سب سے مشہور، بااثر اور پراسرار روحانی تحریکوں میں سے ایک تھیں۔
یہ وہ خفیہ اجتماعات تھے جو ایتھنز سے کچھ دور ایلوسس کے مقام پر دیوی ڈیمیٹر (زراعت کی دیوی) اور اس کی بیٹی پرسیفنی کی یاد میں ہر سال منعقد کیے جاتے تھے۔ ان اجتماعات میں بظاہر دیویوں کی داستانوں کو ایک ڈرامائی انداز میں دہرایا جاتا تھا، مگر ان کا باطنی اور حقیقی مقصد انسان کے دل سے موت کا خوف ختم کرنا اور حیاتِ نو کے فلسفے کو ایک انتہائی گہرے نفسیاتی تجربے کے طور پر پیش کرنا تھا۔
ان اجتماعات کی رازداری، نظم و ضبط اور تقدس کا عالم یہ تھا کہ لگ بھگ دو ہزار سال تک ان میں شریک ہونے والے لاکھوں افراد میں سے کسی ایک شخص نے بھی دنیا کے سامنے یہ ظاہر نہیں کیا کہ ان بند دروازوں اور تاریک ہالوں کے پیچھے دراصل کیا رسومات ادا کی جاتی ہیں، وہاں کون سے مشروبات پلائے جاتے ہیں، اور کیسی روشنیوں کا کھیل دکھایا جاتا ہے۔
جو شخص ان رازوں کو افشا کرنے یا ان کا مذاق اڑانے کی جرات کرتا، اس کی سزا قانوناً صرف اور صرف موت تھی۔
قدیم یونان کے عظیم ترین فلسفیوں، جن میں افلاطون (Plato) اور ارسطو (Aristotle) سرِفہرست ہیں، نے بھی ان مسٹریز کی اہمیت، ان کی افادیت اور ان کے روحانی اثرات کا کھلے دل سے اعتراف کیا ہے۔
افلاطون کا ماننا تھا کہ یہ مسٹریز روح کو دنیاوی آلودگیوں سے پاک کرنے اور اسے عالمِ بالا کی طرف پرواز کرنے کے لیے تیار کرتی ہیں۔
اسی قدیم یونان کی فکری فضا میں ہمیں خفیہ معاشروں کی ایک اور کلاسک، اور جدید ادوار کی خفیہ تنظیموں پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی مثال فیثاغورث (Pythagoras) کی تنظیم کی صورت میں ملتی ہے۔
آج ہم اور ہمارے نصاب کی کتابیں فیثاغورث کو محض ایک ریاضی دان اور ‘مسئلہ فیثاغورث’ (Pythagorean Theorem) کے خالق کے طور پر جانتی ہیں، لیکن وہ اس حقیقت سے ناآشنا ہیں کہ اس نے کروٹون (Croton) کے مقام پر جو تنظیم قائم کی، وہ محض ایک اسکول نہیں تھا بلکہ وہ دراصل ایک انتہائی سخت گیر، پراسرار اور خفیہ معاشرہ تھا جس کے ارکان ایک مخصوص، کٹھن اور مراقبے پر مبنی طرزِ زندگی اپناتے تھے۔
ان کا بنیادی، فلسفیانہ اور مذہبی عقیدہ تھا کہ کائنات کی ہر چیز، ہر مادہ، ہر آواز، اور آسمانی کروں کی ہر حرکت دراصل ریاضیاتی نمبروں پر مشتمل ہے؛ وہ کائنات کو ایک عظیم الشان ریاضیاتی مساوات سمجھتے تھے۔ وہ ریاضی اور جیومیٹری کے اصولوں کو محض دنیاوی حساب کتاب نہیں سمجھتے تھے، بلکہ اسے عام لوگوں سے چھپا کر ایک مقدس، الہامی اور خدائی راز کے طور پر اپنے مخصوص باطنی دائرے میں محفوظ رکھتے تھے۔
ان کی تنظیم میں شمولیت کی شرائط اس قدر کڑی اور صبر آزما تھیں کہ نئے آنے والے امیدواروں کو باقاعدہ رکنیت ملنے سے پہلے پانچ سال تک مکمل خاموشی کا روزہ رکھنا پڑتا تھا؛ انہیں اپنے استاد سے سوال کرنے، بولنے یا چہرہ دیکھنے کی قطعی اجازت نہیں تھی، تاکہ وہ پہلے خاموشی سے رازوں کو سننے، اپنی انا کو ختم کرنے، اور علم کی تجلی کو برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا کر سکیں۔ یہیں سے ہمیں اس سوال کا پہلا ٹھوس، منطقی اور نفسیاتی جواب ملتا ہے کہ
خفیہ معاشرے کیوں (Why) بنائے جاتے ہیں؟
ان کی تشکیل کا بنیادی مقصد دراصل اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ اعلیٰ ترین علم اور حکمت، چاہے وہ روحانی ہو، سائنسی ہو، یا سیاسی، صرف انہی مخصوص لوگوں تک پہنچے جو ذہنی، جذباتی اور اخلاقی طور پر اس کا بوجھ اٹھانے کے اہل ہوں، اور جن کی وفاداری، رازداری اور کردار کی ایک کڑی بھٹی میں پہلے ہی سخت آزمائش لی جا چکی ہو۔
وہ علم کو ان موتیوں کی طرح سمجھتے تھے جنہیں خنزیروں کے آگے ڈال کر ضائع نہیں کیا جا سکتا۔
جب یونانی تہذیب اپنے طبعی زوال کو پہنچی اور رومن ایمپائر (Roman Empire) نے اپنے آہنی پنجوں، منظم فوج اور ظالمانہ قوانین کے ساتھ دنیا پر غلبہ حاصل کیا، تو سلطنتِ روم نے ان تمام خفیہ مذہبی، روحانی اور باطنی تحریکوں کو ایک شدید شک اور ریاستی خطرے کی نگاہ سے دیکھنا شروع کر دیا۔
رومیوں کا ریاستی مذہب شہنشاہ کی پوجا اور چند مخصوص جنگی دیوتاؤں پر مشتمل تھا، اور وہ ہر اس گروہ کو باغی، ریاست دشمن اور غدار سمجھتے تھے جو ان کے نظام سے ہٹ کر خفیہ اجتماعات منعقد کرتا تھا۔
اسی وحشت ناک دور میں، جب مشرقِ وسطیٰ کے صحراؤں میں سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی خالص الہامی، توحیدی اور محبت کی دعوت عام ہوئی اور ابتدائی عیسائیت (Early Christianity) کا آغاز ہوا، تو اس برحق تحریک کو بھی شدید ریاستی جبر، طنز اور وحشت کا سامنا کرنا پڑا۔
چونکہ رومن سلطنت عیسائیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی تھی، انہیں زندہ جلا رہی تھی اور روم کے اکھاڑوں (Colosseums) میں بھوکے شیروں کے آگے پھینک رہی تھی، اس لیے ابتدائی عیسائیوں نے اپنے دین، اپنی جان اور اپنی تعلیمات کی بقا کے لیے خود کو ایک ‘خفیہ معاشرے’ کی صورت میں منظم کر لیا۔
تاریخ کے وہ اوراق جو خون سے سرخ ہیں، بتاتے ہیں کہ وہ اپنے اجتماعات اور عبادتیں روم کے تاریک، گھٹن زدہ اور زیرِ زمین قبرستانوں اور تہہ خانوں (Catacombs) میں انتہائی خاموشی سے کرتے تھے۔
انہوں نے ایک دوسرے کو پہچاننے، سلطنت کے جاسوسوں سے بچنے، اور محفوظ مقامات تک پیغامات پہنچانے کے لیے خفیہ کوڈز اور علامات ایجاد کیں، جن میں سب سے مشہور علامت ‘مچھلی’ (Ichthys) کی تھی۔ جب راستے میں دو اجنبی ملتے، تو ان میں سے ایک شخص بظاہر لاپرواہی سے ریت پر اپنے پاؤں یا چھڑی سے ایک قوس (آدھی مچھلی) بناتا، اور اگر دوسرا شخص بھی عیسائی ہوتا تو وہ فوراً دوسری قوس بنا کر مچھلی کی شکل مکمل کر دیتا، اور یوں وہ بنا کچھ بولے سمجھ جاتے کہ دونوں ایک ہی عقیدے کے پیروکار اور آپس میں بھائی ہیں۔
یہاں تاریخ ہمیں اس حقیقت سے روشناس کرواتی ہے کہ ایک خالص الہامی اور سچی تحریک کو بھی جب ریاستی جبر کا سامنا ہوتا ہے، تو وہ اپنی بقا اور حکمتِ عملی کے تحت انڈرگراؤنڈ اور خفیہ ہونے پر مجبور ہو جاتی ہے۔
لیکن پھر تاریخ نے اپنے سینے میں موجود ایک عجیب و غریب اور ڈرامائی پلٹا کھایا۔
چوتھی صدی عیسوی میں جب رومن شہنشاہ کانسٹنٹائن (Constantine) نے خود عیسائیت قبول کر لی، اور کل کا زیرِ عتاب مذہب اچانک رومن سلطنت کا سرکاری اور غالب مذہب بن گیا، تو کل تک تہہ خانوں میں موت کے خوف سے چھپنے والا چرچ اب خود ایک انتہائی بڑا، منظم، ظالم اور طاقتور ریاستی ادارہ بن کر ابھرا۔
چرچ کے اس ہمہ گیر، ریاستی اور جابرانہ غلبے نے یورپی تاریخ کے اس طویل دور کی بنیاد رکھی جسے بجا طور پر قرونِ وسطیٰ (Middle Ages) یا ‘تاریک دور’ (Dark Ages) کہا جاتا ہے۔
اس دور میں کیتھولک چرچ نے ہر اس قدیم علم، سائنسی دریافت، فلسفیانہ سوچ، یا متبادل روحانی نظریے کو کفر، بدعت، اور شیطانی عمل (Heresy) قرار دے کر سختی سے کچلنا شروع کر دیا جو بائبل کی روایتی، سطحی اور پادریوں کی من پسند تشریح سے ذرا سا بھی متصادم تھا۔
اب طاقت کا مرکز مصر کے قدیم کاہنوں یا یونان کے فلسفیوں کے ہاتھوں سے نکل کر روم کے پوپ اور اس کے اتحادی کیتھولک بادشاہوں کے ظالمانہ گٹھ جوڑ کے پاس آ چکا تھا۔
چرچ کی اس شدید سخت گیری، اندھی تقلید کے مطالبے اور خوفناک مذہبی عدالتوں (Inquisition) کے جبر کے خلاف ردعمل پیدا ہونا ایک قدرتی، عقلی اور تاریخی امر تھا۔
جن لوگوں، فلسفیوں، کیمیا گروں اور دانشوروں نے قدیم یونانی اور مصری علوم، علمِ کیمیا (Alchemy)، علمِ نجوم، اور متبادل باطنی نظریات (جیسے Gnosticism) کو زندہ رکھنا تھا، انہوں نے خود کو زندہ جلائے جانے اور چرچ کے عتاب سے بچانے کے لیے ایک بار پھر انڈرگراؤنڈ کر لیا۔
قرونِ وسطیٰ کا یہ تاریک، پرتشدد اور گھٹن زدہ دور جدید خفیہ معاشروں کی تشکیل، ان کی نظریاتی نشوونما، اور ان کی پیچیدہ رسومات کے ارتقاء کا سب سے زرخیز، اہم اور فیصلہ کن زمانہ ثابت ہوا۔
مغربی باطنی تاریخ کے مشہور محقق اور مؤرخ آرتھر ورسلوئس اس تاریخی جبر اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی باطنی تحریکوں پر تبصرہ کرتے ہوئے نہایت جامع انداز میں لکھتے ہیں:
“During the Middle Ages and the Renaissance, the dominance of the Catholic Church forced many alternative intellectual and spiritual currents، such as alchemy, Hermeticism, and various forms of Christian mysticism، to operate in secrecy, giving rise to numerous esoteric orders that sought to preserve ancient wisdom away from the eyes of the Inquisition.”
(“قرونِ وسطیٰ اور نشاۃ ثانیہ (Renaissance) کے دور میں کیتھولک چرچ کے غلبے نے بہت سی متبادل فکری اور روحانی تحریکوں، جیسے کیمیا، ہرمیٹک ازم، اور عیسائی تصوف کی مختلف شکلوں، کو خفیہ طور پر کام کرنے پر مجبور کیا، جس نے بے شمار باطنی تنظیموں کو جنم دیا جن کا بنیادی مقصد انکوزیشن (مذہبی عدالتوں) کی خونی نظروں سے دور رہتے ہوئے قدیم حکمت کو محفوظ رکھنا تھا”) [آرتھر ورسلوئس، دی ہڈن ہسٹری آف ویسٹرن ایسوٹیرسزم، صفحہ 45]۔
یہیں سے، چرچ کے اس شدید جبر کے ردعمل میں، ‘روزیکروشینز’ (Rosicrucians) جیسی انتہائی باطنی، فکری اور پراسرار تنظیموں نے جنم لیا، جنہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کائنات کے ایسے چھپے ہوئے روحانی، سائنسی اور طبی راز موجود ہیں جو چرچ کے پادریوں کی سطحی سمجھ سے بہت بالاتر ہیں۔
اور عین اسی دور میں، جب مشرق اور مغرب کے درمیان تہذیبوں کے تصادم کے نام پر خونریز صلیبی جنگیں (Crusades) لڑی جا رہی تھیں، 1119 عیسوی میں یروشلم کے کھنڈرات میں ایک ایسی پراسرار، انتہائی منظم، عسکری اور مذہبی اخوت کا قیام عمل میں آیا جس نے آنے والی صدیوں کی عالمی سیاست، عسکری حکمتِ عملی اور جدید عالمی معیشت کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں؛ اور اس اخوت کا نام تھا ‘نائٹس ٹمپلرز’ (Knights Templar)۔
ٹمپلرز بظاہر تو وہ سادگی پسند، غریب اور خداترس عیسائی جنگجو راہب تھے جو یورپ کے مختلف علاقوں سے آنے والے نہتے مسیحی زائرین کی حفاظت کے لیے یروشلم آئے تھے اور جنہوں نے غربت کا حلف اٹھا رکھا تھا، لیکن ہیکلِ سلیمانی (Temple of Solomon) کے کھنڈرات میں برسوں تک جاری رہنے والی خفیہ کھدائی کرتے ہوئے انہیں ایسا کیا ملا جس نے ان کی کایا پلٹ دی؟
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کے مسلمان باطنی سلسلوں اور خفیہ تحریکوں (جیسے حسن بن صباح کے حشاشین) سے کون سے قدیم راز، عسکری ضوابط اور مالیاتی تصورات حاصل کیے؟
کس طرح وہ راتوں رات یورپ کے غریب ترین راہبوں سے ابھر کر قرونِ وسطیٰ کی سب سے امیر ترین اور طاقتور ترین کارپوریشن بن گئے جو بادشاہوں کو بھی قرضے دیتی تھی؟
کس طرح انہوں نے آج کے جدید بینکاری نظام (Banking System)، بین الاقوامی فنڈ ٹرانسفر، اور کریڈٹ کارڈز کے ابتدائی نظام کی بنیاد رکھی؟
اور پھر کیسے چرچ کے پوپ اور فرانس کے بادشاہ فلپ چہارم نے ہی ان کی اس بے پناہ دولت اور بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ سے خوفزدہ ہو کر، ایک ہی رات میں انہیں شیطان کا پجاری اور کافر قرار دے کر گرفتار کیا اور ان کے گرینڈ ماسٹرز کو چوراہوں پر زندہ جلا دیا؟
یہ وہ المناک، خون آشام اور حیرت انگیز داستان ہے جس نے خفیہ تنظیموں کے بارے میں جدید دور کے ‘سازشی نظریات’ (Conspiracy Theories) کو سب سے زیادہ، سب سے پراسرار اور سب سے پختہ مواد فراہم کیا۔
نائٹس ٹمپلرز کی اس پراسرار موت اور ان کے زیرِ زمین چلے جانے سے لے کر جدید فری میسنری (Freemasonry) کے جنم تک جو کڑیاں جڑتی ہیں، وہ ہمیں تاریخ کا ایک نہایت سفاک اور اٹل سبق سکھاتی ہیں:
“طاقت کبھی مرتی نہیں، وہ بس حالات کے جبر تلے اپنی شکل، اپنا طریقہ کار اور اپنا مرکز تبدیل کر لیتی ہے۔”
یہاں آ کر، اس سے پہلے کہ ہم ان تنظیموں کی خونچکاں، پیچیدہ اور پراسرار تاریخ کی مزید گہرائیوں میں اتریں اور ان کے عالمی کردار کا جائزہ لیں، یہ سمجھنا انتہائی ضروری اور علمی طور پر ناگزیر ہے کہ ‘مستند تاریخ’ (Documented History) اور ‘سازشی نظریات’ (Conspiracy Theory) کے درمیان وہ کون سی باریک، منطقی اور واضح لکیر ہے جو ایک سنجیدہ محقق کو ایک افواہ ساز سے الگ کرتی ہے۔
ہمارا عصری المیہ یہ ہے کہ آج جب بھی ہم دنیا کی ان خفیہ تنظیموں (جن میں فری میسنز، الیومیناٹی، سکل اینڈ بونز اور بلڈربرگ گروپ جیسی جدید تنظیمیں شامل ہیں) کا مطالعہ کرتے ہیں، تو ہم عموماً جذباتیت، خوف اور سنسنی خیزی کا اس قدر بری طرح شکار ہو جاتے ہیں کہ ان کی طاقت کو مافوق الفطرت اور خداوندی صفات کے درجے تک بڑھا چڑھا کر پیش کرنے لگتے ہیں۔
ہم یہ گمان کر بیٹھتے ہیں کہ کائنات کا ہر پتہ ان کے حکم سے ہل رہا ہے، اور دنیا میں ہونے والا ہر چھوٹا بڑا واقعہ، چاہے وہ قدرتی آفت ہو، معاشی بحران ہو، کسی لیڈر کا قتل ہو، یا کوئی عالمی وبا ہو، ان کی کسی خفیہ میٹنگ کا طے شدہ نتیجہ ہے۔
سازشی نظریات دراصل انسانی ذہن کی ایک شدید نفسیاتی کمزوری اور ارتقائی خامی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انسانی ذہن فطری طور پر پیچیدہ تاریخی، معاشی، یا سیاسی واقعات کو ان کی تمام تر پیچیدگیوں، متضاد عوامل، اور غیر متوقع حادثات کے ساتھ سمجھنے میں شدید الجھن اور بے بسی محسوس کرتا ہے۔
اس لیے وہ ان پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ایک انتہائی سادہ، واحد، اور شیطانی سبب تلاش کرنے کا عادی ہو جاتا ہے۔ انسان کے لیے یہ ماننا بہت مشکل ہوتا ہے کہ بعض اوقات حالات واقعی کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوتے۔
اگر ملک کی معیشت گرے گی، تو سازشی نظریہ بڑی آسانی سے کہے گا کہ یہ الیومیناٹی (Illuminati) یا روچائلڈز (Rothschilds) کا کیا دھرا ہے۔
مستند تاریخ اور خالص علمی تجزیے کا رویہ اس کے بالکل برعکس کام کرتا ہے۔
مستند تاریخ اس بات کو پوری طرح اور دستاویزی شواہد کے ساتھ تسلیم کرتی ہے کہ خفیہ معاشرے اور عالمی اشرافیہ موجود ہے، ان کے پاس بے پناہ دولت، غیر معمولی سیاسی اثر و رسوخ، اور میڈیا کا کنٹرول بھی موجود ہے، اور یہ بھی سچ ہے کہ وہ اپنے خاندانی اور کارپوریٹ مفادات کے تحفظ کے لیے بند کمروں میں، خفیہ کلبوں میں، اور ورلڈ اکنامک فورم جیسے عالمی فورمز پر پالیسیاں بھی بناتے ہیں۔
از قلم : بلال شوکت آزاد
![]()

