علامہ اقبال انٹرنیشنل سیمینار 2026: انسان، معاشرہ اور ریاست کے تصورات پر عالمی علمی مکالمہ

علامہ اقبال انٹرنیشنل سیمینار 2026 ، زیر اہتمام پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم منعقد کیا گیا۔ مختلف ممالک سے ممتاز دانشوروں اور محبان کی بھر پور شرکت ۔

آسٹریلیا ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ ۔۔۔ سیدہ گیلانی ) پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی سیمینار، ممتاز دانشوروں اور محققین کی شرکت، فکرِ اقبال کی عصری معنویت، خودی، انسانی وقار، معاشرتی انصاف اور فلاحی ریاست کے تصورات پر سیر حاصل گفتگو

رپورٹ: سیدہ گیلانی – آسٹریلیا

پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم (پالف) انکارپوریٹڈ کے زیرِ اہتمام علامہ اقبال انٹر ایڈیلیڈ (آسٹریلیا):

نیشنل سیمینار 2026ء 8 نومبر کی شب آن لائن منعقد ہوا۔ سیمینار کا مرکزی موضوع ’’انسان، معاشرہ اور ریاست کے تصورات‘‘ تھا۔ اس بین الاقوامی علمی نشست میں پاکستان، آسٹریلیا اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز دانشوروں، اساتذہ، محققین اور اہلِ قلم نے شرکت کی اور علامہ محمد اقبال کے فلسفۂ انسان، تصورِ خودی، اجتماعی زندگی، معاشرتی انصاف اور ریاست کے سیاسی و اخلاقی کردار پر اپنے تحقیقی و فکری خیالات کا اظہار کیا۔

سیمینار کا بنیادی مقصد فکرِ اقبال کو محض ایک تاریخی، ادبی یا فلسفیانہ ورثے کے طور پر پیش کرنے کے بجائے اکیسویں صدی کے بدلتے ہوئے عالمی حالات، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، تہذیبی شناخت، معاشی ناہمواری، انسانی حقوق اور ریاستی ذمہ داریوں کے تناظر میں سمجھنا اور اس کی عصری معنویت کو اجاگر کرنا تھا۔

سیمینار کی نظامت ڈاکٹر کاشف نے انجام دی۔ انہوں نے موضوع کا تعارف پیش کرتے ہوئے معزز مقررین اور شرکا کا خیرمقدم کیا۔ تقریب کا آغاز حافظ شایان کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد صدرِ پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم ڈاکٹر افضل رضوی نے افتتاحی خطاب کیا۔

ڈاکٹر افضل رضوی نے اپنے افتتاحی خطاب میں شرکا اور مقررین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’انسان، معاشرہ اور ریاست‘‘ محض ایک علمی اور فلسفیانہ موضوع نہیں بلکہ ہمارے عہد کا ایک بنیادی سوال ہے۔ ہم ایک ایسے زمانے میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی کو غیر معمولی طور پر تبدیل کر دیا ہے، مصنوعی ذہانت انسانی صلاحیتوں کی نئی تعریف کر رہی ہے، سوشل میڈیا نے رابطوں کو آسان مگر انسانی تعلقات کو بعض حوالوں سے پیچیدہ بنا دیا ہے، جب کہ گلوبلائزیشن نے تہذیبی، معاشی اور سیاسی تعلقات کو نئے زاویوں سے متعین کیا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر بنیادی سوال اٹھایا کہ ترقی کے اس غیر معمولی سفر میں انسان کہاں کھڑا ہے؟ معاشرہ کس سمت جا رہا ہے؟ اور ریاست کا بنیادی کردار کیا ہونا چاہیے؟

انہوں نے کہا کہ ان سوالات کے جواب تلاش کرنے میں فکرِ اقبال ہماری بھرپور رہنمائی کرتی ہے۔ علامہ اقبال کے نزدیک مثالی انسان وہ ہے جو خودی، خودشناسی، آزادی اور اخلاقی تربیت کے ذریعے اپنی شخصیت کو سنوارتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کو اجتماعی فلاح کے لیے استعمال کرتا ہے۔ اسی طرح مثالی معاشرے کی بنیاد توحید، انسانی وحدت، اخوت، مساوات اور عدل پر قائم ہوتی ہے، جب کہ ریاست کا مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ انسانی عزت، آزادی، امن، جمہوریت اور عوامی فلاح کا تحفظ ہے۔

ڈاکٹر افضل رضوی نے اقبال کے تصورِ انسان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا انسان احکامِ الٰہی کا پابند، اخلاقی اصولوں کا پاسدار اور انسانی حقوق کا احترام کرنے والا ہونے کے ساتھ ساتھ خود آگاہ، صاحبِ اختیار، جرأت مند اور تخلیقی صلاحیتوں کا حامل بھی ہے۔ اس کی خودی خود غرضی نہیں بلکہ خود شناسی، اس کی آزادی بے راہ روی نہیں بلکہ ذمہ داری، اور اس کی اطاعت بے عملی نہیں بلکہ رضائے الٰہی کے مطابق مسلسل جدوجہد کا شعور عطا کرتی ہے۔اس حوالے سے انہوں نے علامہ اقبال کے یہ ولولہ انگیز اشعار پیش کیے:

یہ غازی یہ تیرے پر اسرار بندے

جنہیں تُو نے بخشا ہے ذوقِ خدائی

دو نیم ان کی ٹھوکر سے صحرا و دریا

سمٹ کر پہاڑ ان کی ہیبت سے رائی

انہوں نے تصورِ توحید کو اقبال کے مثالی معاشرے کی بنیادی اساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ توحید انسانی وحدت، مساوات اور آزادی کا سرچشمہ ہے۔ اقبال کے نزدیک نسلی، لسانی، طبقاتی اور جغرافیائی امتیازات سے بالاتر ہو کر انسانوں کے درمیان اخوت اور احترام کو فروغ دینا ضروری ہے۔

معاشرتی ترقی کے حوالے سے انہوں نے اصلاحِ قیادت، معاشی خوش حالی اور معیاری تعلیم کو تین بنیادی عناصر قرار دیا۔ ان کے مطابق کسی قوم کی اصل قوت اس کے عوام ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں بہتر خوراک، رہائش، تعلیم اور معاشی مواقع فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اقبال محض سرکاری ملازمتوں کے حصول کو معاشی ترقی کا کافی ذریعہ نہیں سمجھتے بلکہ فنی، تکنیکی، صنعتی اور تجارتی تعلیم کو معاشی خودمختاری کے لیے ضروری قرار دیتے ہیں۔ اقبال کے نزدیک تعلیم کا مقصد صرف روزگار کا حصول نہیں بلکہ کردار سازی، اخلاقی تربیت، فکری آزادی اور تہذیبی شعور کی نشوونما بھی ہے۔

ریاست کے تصور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقبال کے سیاسی فلسفے میں ریاست کا مقصد عدل، آزادی، امن اور انسانی فلاح کا قیام ہے۔ وہ موروثی حکمرانی اور استبداد کے مخالف اور اجتماعی مشاورت، انتخاب اور جمہوری اصولوں کے حامی تھے۔ ان کے نزدیک اسلامی جمہوریت محض سیاسی نظام نہیں بلکہ انسانی مساوات اور فرد کی روحانی و اخلاقی عظمت پر مبنی ایک اصولی تصور ہے۔

انہوں نے اکیسویں صدی کی ریاست کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے جمہوریت میں عوامی اعتماد کے بحران، ریاستی اداروں میں شفافیت کی ضرورت، عالمی طاقت کی سیاست، معاشی مفادات، ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے مسائل کی نشاندہی کی۔ ان کے مطابق فکرِ اقبال ہمیں ایسی ریاست کا تصور دیتی ہے جس میں اقتدار کے بجائے عدل، مفاد کے بجائے اصول اور طاقت کے بجائے انسانی فلاح کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔

تارکینِ وطن کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر افضل رضوی نے کہا کہ آسٹریلیا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی اپنی تہذیبی شناخت برقرار رکھتے ہوئے کثیرالثقافتی معاشروں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم کا مقصد بھی محض ادب کی ترویج نہیں بلکہ مختلف تہذیبوں، معاشروں اور نسلوں کے درمیان مکالمے، برداشت، فکری ہم آہنگی اور علمی روابط کو فروغ دینا ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو صرف ماضی کے ایک عظیم شاعر کی حیثیت سے دیکھنا کافی نہیں بلکہ انہیں اپنے عہد کے زندہ فکری مکالمے کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ ہمیں ایسا انسان تعمیر کرنا ہے جو باکردار ہو، ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو عادل اور روادار ہو اور ایسی ریاست کا خواب دیکھنا ہے جو اپنے شہریوں کے وقار، آزادی اور خوش حالی کی ضامن ہو۔

ان کے خطاب نے سیمینار کے بنیادی فکری خدوخال متعین کرتے ہوئے بعد کے علمی مباحث کے لیے ایک جامع فکری پس منظر فراہم کیا۔

سیمینار کی صدارت ممتازنقاداور سوانح نگار پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی نےکی۔ انہوں نےاپنے صدارتی خطاب میں علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی، تصورِ انسان، فرد اور معاشرے کے باہمی تعلق اور مثالی ریاست کے خدوخال پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقبال کا تصورِ انسان محض انفرادی خود شناسی اور روحانی ارتقا تک محدود نہیں بلکہ اجتماعی زندگی، معاشرتی تشکیل اور ریاستی ذمہ داریوں کا بھی احاطہ کرتا ہے۔ ڈاکٹر صمدانی نے فلسفۂ خودی کو اقبال کی فکر کا بنیادی تصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں کی پہچان، خود اعتمادی، کردار سازی اور مسلسل جدوجہد کا شعور عطا کرتی ہے۔ اقبال کا مطلوب انسان حالات کے سامنے بے بس ہونے کے بجائے اپنے ارادے اور عمل سے اپنی شخصیت کی تعمیر کرتا ہے۔ اس ضمن میں اقبال کا شعر:

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے

خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے

تصورِ خودی کی بھرپور ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے فرد اور معاشرے کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ فرد کی شخصیت کی تکمیل اجتماعی زندگی سے وابستہ ہے۔ ایک باشعور اور صاحبِ کردار فرد اپنی صلاحیتوں کو اجتماعی فلاح کے لیے استعمال کرتا ہے، جب کہ ایک صحت مند معاشرہ افراد کی تخلیقی اور اخلاقی نشوونما کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔ اس اعتبار سے خودی اور اجتماعی ذمہ داری ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔ریاست کے تصور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عدل، مساوات، انسانی وقار، آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو مثالی ریاست کے بنیادی اصول قرار دیا۔ ان کے مطابق ریاست کا مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ ایسا نظام قائم کرنا ہے جس میں تمام شہریوں کو تعلیم، ترقی اور معاشی خوش حالی کے منصفانہ مواقع میسر ہوں اور ریاستی ادارے اجتماعی فلاح کے لیے جواب دہ ہوں۔

پروفیسر رانا اعجاز حسین نے علامہ اقبال کی فلسفیانہ اور روحانی تعلیمات پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام، ایمان، مقصدِ حیات اور خود احتسابی کے تصورات کو موضوع بنایا۔انہوں نے اقبال کی شاعری اور نثر کے حوالے سے واضح کیا کہ ان کے افکار انسان کو اپنی ذات کی پہچان، اپنی ذمہ داریوں کے شعور اور ایک بامقصد زندگی گزارنے کی ترغیب دیتے ہیں۔انہوں نے اقبال کے تصورِ امتِ مسلمہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیاد نسل، زبان یا جغرافیے کے بجائے توحید، اخوت، مشترکہ روحانی اقدار اور اجتماعی مقصدیت پر قائم ہے۔ اقبال کا تصورِ ملت انسانوں کو باہمی احترام، مساوات اور وحدت کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے مادہ پرستی، معاشرتی ناہمواری اور انسانی اقدار کے زوال کو عصرِ حاضر کے اہم مسائل قرار دیتے ہوئے فکرِ اقبال کی معنویت اجاگر کی۔ اس حوالے سے اقبال کا شعر:

جس کھیت سے دہقاں کو میسر نہ ہو روزی

اس کھیت کے ہر خوشۂ گندم کو جلا دو

پروفیسر ڈاکٹر دلدار احمد علوی نے اقبال کے تصورِ انسان کے بشریاتی، فلسفیانہ اور روحانی پہلوؤں پر گفتگو کی۔ انہوں نے انسان کی جسمانی اور روحانی ذات کے باہمی تعلق، خود شناسی اور روحانی ارتقا کے مراحل کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈاکٹر خلیفہ عبدالحکیم کی اقبال شناسی سے متعلق علمی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے تصورِ خودی، انسانی وقار اور روحانی ارتقا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ان کے مطابق انسان محض ایک مادی وجود نہیں بلکہ ایک ایسی ہستی ہے جو شعور، خود آگہی اور روحانی ارتقا کے مسلسل عمل سے گزرتی ہے۔ اسلام کی حقیقی تفہیم کے لیے انسان کی اخلاقی، روحانی اور فکری جہات کو سمجھنا ضروری ہے۔

پروفیسر خورشید احمد عون نے جدید معاشرے میں اقبال کے فلسفیانہ افکار کی معنویت پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے انسانی شناخت، ثقافتی ورثے، قومی تشخص اور عالمی تہذیب کے باہمی تعلق پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے لیے اپنی تاریخی اور تہذیبی شناخت کو سمجھنا مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے ثقافتی تنوع کو انسانی ترقی کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے جدید تقاضوں کو قبول کرتے ہوئے اپنے تہذیبی ورثے کی حفاظت بھی ضروری ہے۔

محترمہ زیب النسا زیبی نے انسانی کردار، صبر، انفرادیت، تعلیم اور معاشرتی ذمہ داری کے حوالے سے اقبال کے افکار پر اظہارِ خیال کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ فرد کی ذاتی نشوونما اور معاشرتی ترقی ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ جدید دور کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اخلاقی اقدار اور روحانی وابستگی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ علامہ اقبال کی فکر آج کے عالمی حالات میں بھی غیر معمولی معنویت رکھتی ہے۔ معاشرتی انتشار، اخلاقی بحران، عدم مساوات اور ریاستی اداروں کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اقبال کا پیغام ہمیں فرد کی تربیت، اجتماعی شعور کی بیداری اور عدل پر مبنی ریاستی نظام کی تشکیل کی طرف متوجہ کرتا ہے۔یہی فکرِ اقبال کا بنیادی پیغام ہے کہ انسان اپنی خودی کو پہچانے، معاشرہ اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور ریاست انسانی فلاح و بہبود اور انصاف کے اصولوں پر استوار ہو۔

جناب محمد جاوید عظیمی نے اپنے خطاب میں ایمان، عشق اور وفاداری کے حوالے سے علامہ اقبال کی شاعری کے مختلف فکری و روحانی پہلوؤں پر جامع روشنی ڈالی۔ انہوں نے بالخصوص رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اقبال کے والہانہ تعلقِ محبت و عقیدت اور آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس سے غیر متزلزل وفاداری کو موضوعِ گفتگو بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقبال کے نزدیک عشقِ رسول ﷺ محض عقیدت و جذبات کا اظہار نہیں بلکہ ایک ایسی زندہ روحانی قوت ہے جو انسان کے باطن کو منور، کردار کو مستحکم اور عمل کو مقصد و معنویت عطا کرتی ہے۔

انہوں نے اقبال کے تصورِ عشق کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ عشق انسان میں خودی کی بیداری، یقین کی پختگی، اخلاقی بلندی اور عملی جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ اقبال کے ہاں عشق اور وفاداری لازم و ملزوم ہیں؛ حقیقی محبت کا تقاضا صرف زبانی اظہار نہیں بلکہ سیرتِ نبوی ﷺ کی پیروی، تعلیماتِ نبوی ﷺ سے وابستگی اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے اقبال کے معروف شعر:

کی محمدؐ سے وفا تُو نے تو ہم تیرے ہیں

یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں

کے ذریعے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ اقبال کے فلسفے میں عشقِ رسول ﷺ ایمان کی اساس، خودی کی تکمیل اور روحانی عظمت کا بنیادی سرچشمہ ہے۔

قطر سےآصف شفیع نے علامہ اقبال کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا:

عہدِ حاضر کا نوحہ

اہلِ دانش کو سوچنا ہے آج

روحِ ملت بکھر گئی ہے کیوں

ہر طرف ایک بے حسی ہے کیوں

کس ڈگر پرہے زندگانی آج

فرد اپنی ہی ذات میں ہے گم

قحطِ فکر و عمل کے ہی باعث

نسلِ نو کی نہ ہو سکی تعمیر

کون بانگِ درا کو پڑھتا ہے

نسلِ نو کو کہاں ہے یہ معلوم

بالِ جبریل کس کی ہے تصنیف

جانے کیا چیز ہے زبورِ عجم

کون واقف پیامِ مشرق سے

کون ہے آشنائے ضربِ کلیم

عظمتِ دین کس نے بتلائی

ارمغانِ حجاز کی صورت

نسلِ تازہ کو یہ خبر ہی نہیں

درس کس نے دیا خودی کا ہمیں

ہائے افسوس! نوجوانوں کو

خود شناسی نہ ہو سکی حاصل

رازِ ہستی نہ کھل سکا ان پر

عزمِ محکم نہ ہو سکا پیدا

روحِ شاہیں نہ ہو سکی آزاد

خوابِ فردا نہ ہو سکے پورے

اپنی اپنی پڑی ہے سب کو یہاں

دین و ملت کا ترجماں ہے کون

کس قدر بے خبر مسلماں ہے

فکر و فہمِ حکیم الامت سے

کوئی اقبال سا کسی جانب

مردِ مومن نظر نہیں آتا

نیل سے لے کے کاشغر تک جو

روحِ ملت کی بازیافت کرے

لے کے جائے اسے جو سوئے حرم

لا الہ کی صدا بلند کرے

سچ یہی ہے ، یہی حقیقت ہے

آج خوابیدہ قوم کو آصف

اپنی عظمت بحال کرنے کو

فکرِ اقبال کی ضرورت ہے

ڈاکٹر تمنا شاہین کا خطاب سیمینار کے مرکزی موضوع، یعنی انسان، معاشرہ اور ریاست کے تصورات، کے علمی تناظر میں اہمیت رکھتا تھا۔ فکرِ اقبال میں انسان محض ایک سماجی وجود نہیں بلکہ ایک صاحبِ شعور، صاحبِ اختیار اور تخلیقی قوت رکھنے والی شخصیت ہے۔ اقبال کا تصورِ خودی انسان کو اپنی داخلی صلاحیتوں کی شناخت، اپنی شخصیت کی تعمیر اور کائنات میں اپنے مثبت کردار کی ادائیگی کی دعوت دیتا ہے۔ اقبال کے نزدیک معاشرہ افراد کے محض مجموعے کا نام نہیں بلکہ ایک ایسی اجتماعی وحدت ہے جس کی بنیاد اخوت، مساوات، عدل اور مشترکہ انسانی ذمہ داری پر قائم ہوتی ہے۔ فرد کی شخصیت اسی وقت اپنی حقیقی معنویت حاصل کرتی ہے جب وہ اپنی انفرادی صلاحیتوں کو اجتماعی بھلائی کے لیے بروئے کار لاتا ہے۔اسی طرح ریاست کا تصور بھی فکرِ اقبال میں محض سیاسی اقتدار یا انتظامی ڈھانچے تک محدود نہیں۔ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ایسے اجتماعی نظام کی تشکیل ہے جس میں انسانی وقار، عدل و انصاف، آزادی، مساوات اور اخلاقی اقدار کو تحفظ حاصل ہو۔

اقبال کے فلسفے میں خودی اور اجتماعیت ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ ایک مضبوط فرد ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتا ہے، اور ایک منصفانہ معاشرہ ہی ایسی ریاست کی تشکیل میں معاون ہوتا ہے جہاں انسان اپنی تخلیقی اور اخلاقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے۔

آنسہ معینہ کوثر ستی نے پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر اپنی تحقیقی کاوش پیش کی۔ انہوں نے خواتین کی ترقی کے تین بنیادی مدارج، انفرادی، سماجی اور اجتماعی سطح، کی وضاحت کی۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی ترقی کے لیے فکرِ اقبال کو ایک جامع فکری نظام کے طور پر اپنانا چاہیے، جس میں خود شناسی، فیصلہ سازی کا اختیار، عملی خودمختاری اور معاشرتی ذمہ داری کو یکجا کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کی ترقی کے لیے مقامی معاشرتی اور ثقافتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے نظریاتی اور عملی طریقہ ہائے کار وضع کیے جائیں جو اقبال کے فلسفے سے ہم آہنگ ہوں۔

خطابات کے اختتام پر یہ بنیادی نکتہ سامنے آیا کہ اقبال کی فکر آج بھی فرد کی تعمیر، معاشرتی اصلاح اور عادلانہ ریاست کے قیام کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ ان کے فلسفۂ خودی، تصورِ ملت اور سیاسی و سماجی افکار کا مرکزی پیغام ایک ایسے انسان، معاشرے اور ریاست کی تشکیل ہے جہاں کردار، اخوت، عدل، مساوات اور انسانی وقار کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔

سیمینار کے مجموعی مباحث میں یہ بات نمایاں رہی کہ علامہ اقبال کا فلسفہ کسی ایک زمانے یا جغرافیائی حدود تک محدود نہیں۔ ان کے تصوراتِ خودی، انسانیت، اجتماعی وحدت، عدل اور انسانی وقار کو موجودہ عالمی مسائل کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔

مقررین کے خیالات میں اس امر پر اتفاق نمایاں تھا کہ ایک مضبوط معاشرہ صرف مادی ترقی یا معاشی خوش حالی سے تشکیل نہیں پاتا بلکہ اس کی بنیاد اخلاقی اقدار، علمی بیداری، عدل، انسانی احترام اور اجتماعی ذمہ داری پر استوار ہوتی ہے۔

سیمینار میں پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم کے کردار اور اس کی علمی و ادبی سرگرمیوں کی اہمیت بھی نمایاں رہی۔ فورم کا بنیادی مقصد اردو زبان و ادب کے فروغ کے ساتھ ساتھ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان علمی، ادبی اور تہذیبی روابط کو مستحکم کرنا اور مختلف معاشروں کے درمیان مثبت مکالمے کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

خصوصاً تارکینِ وطن کی نئی نسل کو اپنی تہذیبی، ادبی اور لسانی شناخت سے مربوط رکھنے اور عالمی معاشرے میں ان کے مثبت کردار کو فروغ دینے کے حوالے سے فورم کی سرگرمیاں اہمیت رکھتی ہیں۔

سیمینار کے اختتام پر منتظمین، مقررین اور شرکا کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہا گیا اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا گیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل سیمینار 2026ء اس اعتبار سے ایک اہم علمی کاوش تھا کہ اس نے فکرِ اقبال کو محض ماضی کی ادبی یادگار کے طور پر پیش کرنے کے بجائے عصرِ حاضر کے بنیادی انسانی، معاشرتی اور ریاستی سوالات سے مربوط کیا۔

بلاشبہ اس سیمینار نے یہ پیغام دیا کہ فکرِ اقبال کو زندہ رکھنے کا حقیقی راستہ اسے اپنے عہد کے سوالات سے جوڑنا اور اس کے تصورات کو انسانی کردار، معاشرتی انصاف اور ریاستی ذمہ داریوں کی عملی تشکیل میں بروئے کار لانا ہے۔