واشنگٹن: امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کی معلومات اور نئے انٹیلی جنس نظام کے تحت ملنے والی اطلاعات کے مطابق امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سی آئی اے ڈائریکٹر نے کہا کہ امریکی حملے میں کئی ایرانی جوہری تنصیبات کو تباہ کردیا گیا ہے اور اب ان کی دوبارہ تعمیر میں برسوں لگیں گے۔
واضح رہےکہ سی آئی اے ڈائریکٹر کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی میڈیا یہ دعویٰ کررہا ہے کہ امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات تباہ نہیں ہوئیں اور ایران کا جوہری پروگرام ختم نہیں ہوا۔
البتہ صدر ٹرمپ نے ایرانی جوہری تنصیبات سے متعلق دعوؤں پر سی این این سمیت دیگر امریکی میڈیا کے صحافیوں کو ذہنی بیمار اور میڈیا کو کچرا قرار دیا ہے۔