Daily Roshni News

ایتھنز میں جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ، عظیم الشان جلوس، سینکڑوں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت

ایتھنز میں جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ، عظیم الشان جلوس، سینکڑوں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت

یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء)میلادِ مصطفیٰ ﷺ کونسل یونان کے زیراہتمام آقائے دو جہاں، رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں ایتھنز میں عظیم الشان میلاد جلوس کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان بھر سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ جلوس کے دوران ایتھنز کی فضا درود و سلام، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور “یا رسول اللہ ﷺ” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

جشنِ میلاد کے سلسلے میں نکالا جانے والا یہ روح پرور جلوس پلاتیہ کوجیہ سے شروع ہوا، جہاں شرکاء بڑی عقیدت و محبت کے ساتھ جمع ہوئے۔ جلوس مختلف شاہراہوں اور راستوں سے ہوتا ہوا پلاتیہ کومیڈرو پہنچا، جہاں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور میلاد کے بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ راستے بھر درود و سلام اور نعت خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔

جلوس میں بچوں، نوجوانوں، بزرگوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ عاشقانِ رسول ﷺ نے حضور نبی اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ جشنِ ولادت منایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی تشریف آوری پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین نمونہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ منانے کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کی تعلیمات، اخلاق، محبت، اخوت، برداشت اور امن و سلامتی کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک رہنے والی پاکستانی و مسلم کمیونٹی اپنی مذہبی روایات اور اسلامی تہذیب سے جڑی ہوئی ہے اور ایسے اجتماعات نئی نسل کو اپنی دینی و تہذیبی اقدار سے وابستہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر عالمِ اسلام، پاکستان، یونان اور مسلم امہ کے اتحاد و سلامتی، امن و خوشحالی اور تمام مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محبتِ رسول ﷺ کا پیغام امن، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ عام کیا جاتا رہے گا۔

Loading