Daily Roshni News

وزیر اعظم کی سرپرستی میں پاکستان ہاکی کی بحالی کا آغاز، پی ایچ ایف کی بڑی پیش رفت

وزیر اعظم کی سرپرستی میں پاکستان ہاکی کی بحالی کا آغاز، پی ایچ ایف کی بڑی پیش رفت

پاکستان (  ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل  ۔۔۔۔  خصوصی مندوب  ۔۔۔۔  طاہر لطیف  )برسوں کی جدوجہد کے بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، کھلاڑیوں کا ڈیلی الاؤنس 110 ڈالر مقرر

ملک بھر کے 500 اسکولوں کو ہاکی کٹس دی جائیں گی، اولمپین اصلاح الدین، اولمپین سمیع اللہ اور اولمپین حسن سردار سمیت نامور اولمپئنز کی خدمات حاصل کیں۔

 حکومت پاکستان اور وزیر اعظم (جو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں) کی خصوصی ہدایات پر پی ایچ ایف کی تنظیمِ نو اور انتظامی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور قومی کھیل طویل عرصے بعد بحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، حالیہ مہینوں کی بڑی کامیابیوں میں اسلام آباد میں ایک طویل عرصے کے بعد نیشنل انڈر 18 ہاکی ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ہے۔ اس چیمپئن شپ میں ملک کے تمام حصوں سے 15 ٹیموں نے شرکت کی، جس سے نچلی سطح پر ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو ایک بہترین پلیٹ فارم ملا ہے۔ مزید برآں، قومی ہاکی ٹیم نے قاہرہ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائنگ ایونٹ کے فائنل میں پہنچ کر برسوں کی جدوجہد کے بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جس سے شائقینِ ہاکی کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

پی ایچ ایف نے ٹیکنیکل صلاحیتوں کو بڑھانے اور پیشہ ورانہ ماحول پیدا کرنے کے لیے ملک کے نامور ہاکی لیجنڈز اور اولمپئنز کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں، جن میں اولمپین اصلاح الدین صدیقی، اولمپین سمیع اللہ خان، اولمپین حسن سردار، اولمپین منظور سینئر، اولمپین خواجہ جنید، اولمپین ایاز محمود، اولمپین قمر ابراہیم، اولمپین ریحان بٹ، اولمپین شکیل عباسی، اولمپین کاشف جواد، اولمپین ڈاکٹر عاطف بشیر ،اولمپین ناصر علی اور اولمپین نعیم اختر شامل ہیں۔ ان لیجنڈز اولمپینز کھلاڑیوں کو سینئر، جونیئر اور انڈر 18 ٹیموں کی کوچنگ اور سلیکشن کے امور سونپے گئے ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ایچ ایف نے قاہرہ کوالیفائرز، جاپان میں جونیئر ایشیا کپ، انگلینڈ اور بیلجیم میں پرو لیگ اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے خطیر فنڈز اور لاجسٹکس کا بہترین انتظام کیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار بین الاقوامی دوروں کے دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز کا روزانہ کا الاؤنس بڑھا کر 110 امریکی ڈالر کر دیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور وقار کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایک اور اہم فیصلے کے تحت تعلیمی شعبے کو ہاکی کی بحالی سے جوڑنے کے لیے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے تعاون سے ملک گیر اسکول ہاکی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت اگلے 3 ماہ میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے 500 اسکولوں کو ہاکی کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ طلبہ دستیاب آسٹرو ٹرف کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ کارپوریٹ سیکٹر میں پی ٹی سی ایل (PTCL) کے ساتھ تعاون میں توسیع کی گئی ہے، جبکہ “الاسکا بیٹریز” اور “Sky 47” ڈیجیٹل پرفارمنس مانیٹرنگ کے لیے پی ایچ ایف کے ساتھ منسلک ہو گئے ہیں۔

پی ایچ ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ دو تین ماہ میں معجزے نہیں ہو سکتے، لیکن اگلے دو سال کا روڈ میپ بالکل درست سمت میں ہے۔ لاہور اور اسلام آباد میں جاری قومی کیمپس میں نظم و ضبط، جدید فٹنس ٹریننگ، بہتر غذا اور ویڈیو تجزیہ کاری جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے صبر اور تسلسل ناگزیر ہے۔ پی ایچ ایف کی قیادت نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی حکومت، کارپوریٹ پارٹنرز اور سابق اولمپئنز کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے عالمی ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔

Loading