پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے فائنل ٹرائلز کا شیڈول جاری ۔ مزکورہ ٹرائلز 19 اور 20 مئی کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔
پاکستان ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔۔ خصوصی مندوب ۔۔۔۔۔۔ طاہر لطیف )تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیئم اور برطانیہ میں ہونے والے آئندہ FIH پرو لیگ میچز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے فائنل فیز ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایت اور پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی و نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں، فائنل ٹرائلز 19 اور 20 مئی کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔ ٹرائلز شام 4:00 بجے شروع ہوں گے۔
قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے یہ ٹرائلز نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ اولمپین منظور الحسن کی زیر نگرانی ہوں گے۔ ٹریننگ کیمپ میں موجود تمام شارٹ لسٹ کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر ٹرائلز کے لیے رپورٹ کریں۔
ٹرائلز کے اختتام پر نیشنل سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی فہرست ڈویلپمنٹ کمیٹی کو جمع کرائے گی، جس کی حتمی منظوری صدر پی ایچ ایف دیں گے۔ فائنل سکواڈ کا اعلان اسی روز کیا جائے گا۔
![]()





