ہجر کے بعد

ہجر کے بعد

"محترمہ! یہ میری سیٹ ہے، آپ اپنا بیگ ذرا سائیڈ پر کر لیں گی؟”

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )میں نے آنکھوں پر سلیپ ماسک لگا رکھا تھا۔ فلائٹ کو ابھی کچھ ہی دیر ہوئی تھی اور میں نے سوچا تھا کہ اتنے لمبے سفر میں کچھ دیر سو لوں گی۔ آسٹریلیا جا رہی تھی، بیٹی کی ڈیلیوری قریب تھی۔ جانے سے پہلے گھر کے اتنے کام نمٹانے پڑے تھے کہ کئی راتوں سے پوری نیند بھی نہیں لی تھی۔

میں نے سلیپ ماسک ذرا سا اوپر کیا۔

"جی بیٹا، معاف کیجیے گا۔”

سامنے کھڑے شخص نے مسکراتے ہوئے کہا:

"بیٹا؟ محترمہ، میں شاید آپ سے دو چار سال ہی بڑا ہوں گا۔”

میں ہنس دی۔اس عمر میں سب بیٹے ہی لگتے ہیں ۔۔۔۔۔

"اچھا، تو پھر بھائی صاحب بیٹھ جائیں۔”

وہ بھی ہنس پڑا اور اپنا بیگ اوپر رکھ کر سیٹ پر بیٹھ گیا۔

میں نے دوبارہ سلیپ ماسک آنکھوں پر رکھنے کی کوشش کی تو اس نے پوچھا:

"آپ آسٹریلیا جا رہی ہیں؟”

"جی، بیٹی کے پاس۔”

"اچھا، اللہ خیر سے پہنچائے۔”

"آمین۔”

میں نے سلیپ ماسک اتار کر بیگ میں رکھ دیا۔ نیند تو اب ویسے بھی نہیں آنی تھی۔

سامنے بیٹھے شخص پر نظر پڑی تو میری نگاہ وہیں رک گئی۔اور ساتھ ہی سانس بھی رکتی محسوس ہوئی

سر کے بالوں میں سفیدی، ہلکی سی فرنچ کٹ، چہرے پر عمر کی چند لکیریں، قدرے کمزور جسم، مگر وہی آنکھیں، وہی مسکراہٹ۔

احمر!

میرا دل ایک لمحے کو جیسے دھڑکنا بھول گیا۔

یہ وہی احمر تھا جسے آخری مرتبہ میں نے انتیس سال پہلے دیکھا تھا۔

وہ آرام سے اپنی سیٹ بیلٹ باندھ رہا تھا۔ اسے ذرا اندازہ نہیں تھا کہ اس کے برابر بیٹھی عورت کے لیے یہ سفر اچانک کتنا مشکل ہو گیا ہے۔

میں مسلسل اسے دیکھ رہی تھی۔

"جی؟ کوئی بات ہے؟”

اس نے میری طرف دیکھ کر پوچھا۔

میں چونک گئی۔

"نہیں، کچھ نہیں۔”

"آپ کو کوئی پریشانی تو نہیں؟”

"نہیں، بس تھوڑی تھکن ہے۔”

"لمبا سفر ہے، آرام کر لیجیے گا۔”

میں نے سر ہلا دیا۔

وہ اپنے موبائل میں مصروف ہو گیا۔

میں کھڑکی سے باہر دیکھنے لگی۔

عجیب بات تھی، اتنے سال گزر گئے تھے، میرے چہرے پر عمر کی کتنی ہی لکیریں آ چکی تھیں، مگر اسے دیکھتے ہی مجھے اپنا وہی کالج والا زمانہ یاد آ گیا۔

وہی کینٹین، وہی کلاس روم، وہی بے مقصد بحثیں اور وہی لڑکا جو ہر بات میں مجھے تنگ کرنے کا کوئی نہ کوئی بہانہ ڈھونڈ لیتا تھا۔

اس نے ایک بار پھر میری طرف دیکھ کر پوچھا:

"آپ لاہور سے ہیں؟”

"جی۔”

"میں بھی لاہور کا ہوں۔”

میں نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کہا:

"اچھا۔”

"آپ کا نام؟”

میں ایک لمحے کے لیے خاموش ہو گئی۔

"نورین۔”

"بہت اچھا نام ہے۔”

میں نے دل میں سوچا، کبھی تم اس نام کو کتنی بار پکارا کرتے تھے۔اور اب تمھارے چہرے پر کوئی سایہ نہیں ابھرا

مگر زبان سے صرف اتنا کہا:

"شکریہ۔”

وہ دوبارہ اپنے موبائل میں مصروف ہو گیا۔

اور میں ماضی میں کھو گئی۔

1997 — لاہور

"نورین! جلدی کرو، کالج کے لیے دیر ہو رہی ہے۔”

امی کچن سے آوازیں دے رہی تھیں اور میں آئینے کے سامنے کھڑی اپنے بال سنوار رہی تھی۔

"امی، بس آ رہی ہوں!”

"تمہارا بس آ رہی ہوں کبھی ختم بھی ہو گا؟”

میں نے جلدی سے کتابیں بیگ میں ڈالیں اور نیچے آ گئی۔

کالج پہنچتے ہی میری نظر احمر پر پڑی۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھڑا ہنس رہا تھا۔

مجھے دیکھتے ہی بولا:

"واہ جی واہ! آج تو لگتا ہے کالج میں کسی خاص مہمان کی آمد ہے۔”

میں نے اسے گھورا۔

"تمہیں کوئی اور کام نہیں ہے؟”

"ہے نا، تمہیں تنگ کرنا۔”

اس کے دوست ہنسنے لگے۔

میں آگے بڑھ گئی تو وہ بھی میرے ساتھ چلنے لگا۔

"اچھا سنو، آج کون سا پرفیوم لگایا ہے؟”

"تمہیں کیا؟”

"پوچھ رہا ہوں، اچھا نہیں ہے۔”

میں نے رک کر کہا:

"احمر، تم اپنی پسند اپنے پاس رکھا کرو۔”

وہ ہنسنے لگا۔

"شادی کے بعد کوئی اچھا سا لے دوں گا۔”

میں نے پلٹ کر اسے دیکھا۔

"کس کی شادی کے بعد؟”

"ابھی سے اتنے سوال؟”

میں نے منہ دوسری طرف کر لیا، لیکن مسکراہٹ چھپانا مشکل تھا۔

احمر کی یہی عادت تھی۔ کبھی میری کتاب لے کر بھاگ جاتا، کبھی کینٹین میں میری جگہ بیٹھ جاتا اور کبھی میرے دوستوں کے سامنے ایسی بات کر دیتا کہ مجھے غصہ بھی آتا اور ہنسی بھی۔

ہماری دوستی کب محبت میں بدل گئی، مجھے خود بھی معلوم نہیں ہوا۔

بس اتنا معلوم تھا کہ کالج میں کسی بھی دن احمر نہ آئے تو وہ دن اچھا نہیں گزرتا تھا۔

—

گھر میں ایک نئی بات

ایک شام امی میرے کمرے میں آئیں۔

"نورین، ذرا بیٹھو۔ تم سے ایک ضروری بات کرنی ہے۔”

میں نے کتاب بند کر دی۔

"جی امی؟”

"تمہارے لیے ایک رشتہ آیا ہے۔ لڑکا اچھا ہے، گھر والے بھی شریف ہیں۔”

میں نے فوراً کہا:

"امی، ابھی مجھے شادی نہیں کرنی۔”

"کیوں؟”

میں کچھ دیر خاموش رہی، پھر ہمت کر کے بولی:

"امی، میں احمر سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔”

امی نے میری طرف دیکھا۔

"کون احمر؟”

"میرے کالج میں پڑھتا ہے۔”

"اس کے گھر والوں کو پتا ہے؟”

"ابھی نہیں، لیکن وہ بات کرے گا۔”

امی نے قدرے سخت لہجے میں کہا:

"جب اس نے رشتہ ہی نہیں بھیجا تو کیا ہم اس کے گھر بھیک مانگنے جائیں؟”

"امی، وہ بات کرے گا نا!”

"بیٹی، تم ابھی کالج میں پڑھتی ہو۔ تمہیں محبت اور شادی دونوں کے فرق کا اندازہ نہیں۔”

میں نے مزید بحث نہیں کی۔

لیکن اس رات دیر تک نیند نہیں آئی۔

میں سوچتی رہی کہ احمر کو اپنے گھر والوں سے بات کرنے کے لیے کیسے کہوں۔

—

کالج کی کینٹین

"نورین! اٹھو، مجھے بھوک لگی ہے۔”

احمر نے آ کر میرے سامنے کرسی کھینچ لی۔

میں اپنی سہیلی کے ساتھ نوٹس لکھ رہی تھی۔

"تو کھانا کھا لو، کس نے روکا ہے؟”

"اکیلا؟”

"ہاں، تمہارے ساتھ کون کھائے گا؟”

وہ ہنسنے لگا۔

اس کے دوست بھی آ کر بیٹھ گئے۔

"احمر بھائی، آج بھابھی ناراض لگ رہی ہیں۔”

میں نے فوراً کہا:

"بھابھی کس کی؟”

احمر نے مسکرا کر جواب دیا:

"ابھی تو کسی کی نہیں، لیکن ان شاء اللہ جلد ہی۔”

سب ہنسنے لگے۔

کھانے کے دوران وہ کبھی میری پلیٹ سے چیز اٹھاتا، کبھی دوستوں کے ساتھ کوئی بات کر کے مجھے ہنسا دیتا۔

کھانا ختم ہونے کے بعد میں نے اسے روک لیا۔

"احمر، ایک بات کہوں؟”

"کہو۔”

"تم اپنے گھر والوں کو میرے گھر رشتے کے لیے بھیجو گے یا نہیں؟”

اس نے میری طرف دیکھا۔

"اتنی جلدی کیا ہے؟”

میں نے پہلی بار سنجیدگی سے جواب دیا:

"احمر، میرے گھر والے میرے رشتے کی بات کر رہے ہیں۔ میں ہر بار انکار نہیں کر سکتی۔”

اس کے چہرے سے مسکراہٹ غائب ہو گئی۔

"اچھا، میں گھر بات کرتا ہوں۔ تم پریشان مت ہو۔”

"سچ؟”

"ہاں بھئی، اب خوش؟”

میں مسکرا دی۔

اس نے جاتے جاتے پھر آواز لگائی:

"اور ہاں، وہ پرفیوم بدل لینا!”

میں نے پلٹ کر کہا:

"شادی کے بعد تم خود بدل کر دینا!”

وہ ہنستا ہوا اپنے دوستوں کے ساتھ چلا گیا۔

اور میں بھی یہی سمجھتی رہی کہ ہماری کہانی کا انجام وہی ہوگا جو ہم دونوں نے سوچ رکھا تھا۔

مگر زندگی ہمیشہ ہماری پسند کے مطابق فیصلے نہیں کرتی۔

نورین نے جس گھر میں قدم رکھا تھا، وہاں اس کے خوابوں کے لیے زیادہ جگہ نہیں تھی۔

شادی کے ابتدائی دنوں میں ہی اسے اندازہ ہونے لگا کہ انجان آدمی سے محبت کرنا  اور اس کے گھر والوں کو اپنانا اتنا آسان نہیں ہے

صبح سب سے پہلے اٹھنا، ناشتے کی تیاری، کچن کی صفائی، ساس کی دواؤں کا خیال، نندوں کی فرمائشیں اور پھر گھر کے دوسرے کام۔

ذرا سی دیر ہو جاتی تو آواز آتی۔

"نورین! تمہیں ابھی تک کام کرنے کا طریقہ نہیں آیا؟”

کبھی ساس ناراض ہوتیں، کبھی نندیں طنز کرتیں۔

ایسے وقت جس ایک پر سب سے زیادہ غصہ آتا وہ احمر ہی تھا

کیا تھا جو تم مجھے اپنا لیتے ؟؟؟؟

محترمہ آپ مجھ سے مخاطب ہیں ؟؟؟۔

جاری ہے۔۔۔

#urdustorytelling #emotional #novelwriting #foryoupageシ