*چوہدری خالد آرائیں آف بہاولپور ویانا آسٹریا کے رہائشی ان کے جوان اکلوتے صاحبزادہ چوہدری معمون خالد آرائیں مرحوم کی نماز جنازہ و تدفین ویانا میں کر دی گئی*
آسٹریا(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ ۔۔۔محمد عامر صدیق ویانا) چوہدری خالد آرائیں جن کا تعلق پاکستان بہاولپور سے ہے کئی عرصہ دراز سے جو کہ آسٹریا ویانا کے رہائشی ہیں ان کے جوان اکلوتے صاحبزادے چوہدری معمون خالد آرائیں مرحوم کی نماز جنازہ و تدفین بروز اتوار 24جون 2026 وقت 14:30 بجے اسلامک قبرستان ویانا 23 ڈسٹرکٹ میں کر دی گئی۔ علامہ غلام مصطفی بلوچ نے نماز جنازہ پڑھائی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عزیز و قارب دوستوں اور کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔
چوہدری معمون خالد آرائیں مرحوم تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا مرحوم نے حال ہی میں آسٹریا میں انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کی تھی اور عملی زندگی کا آغاز کرنے کی تیاریوں میں مصروف تھا۔ چند ماہ قبل اس کی منگنی ہوئی تھی اور گھر والے اس کے روشن مستقبل کے خواب دیکھ رہے تھے۔
مرحوم آسٹریا میں ایک تفریحی مقام پر نہاتے ہوئے پانی میں ڈوب گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ تقریباً ایک گھنٹے تک پانی میں لاپتا رہا، جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے اسے باہر نکالا، لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ نوجوان کی اچانک موت نے خاندان کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ جس گھر میں اس کی کامیابیوں اور شادی کی باتیں ہو رہی تھیں، وہاں آج کہرام مچا ہوا ہے۔ والدین اپنے اکلوتے بیٹے کی جدائی پر نڈھال ہیں جبکہ تین بہنیں اپنے واحد بھائی کی یاد میں اشک بار ہیں۔
تدفین کے بعد علامہ غلام مصطفی بلوچ نے تمام مرحومین اور چوہدری معمون خالد آرائیں مرحوم کے لیے خصوصی دعائیں کروائیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ثم آمین
![]()









