ڈبلن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام شاندار میلاد کانفرنس

ڈبلن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام شاندار میلاد کانفرنس

علامہ محمد صادق قریشی کا محبتِ رسول ﷺ کے تقاضوں اور میلاد مصطفیٰ ﷺ کی شرعی حیثیت پر خصوصی خطاب، خواتین، مردوں اور بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت

ڈبلن آئرلینڈ  (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔وسیم بٹ): آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ایک شاندار میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئرلینڈ بھر سے خواتین، مردوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی گلوبل ایمبیسڈر  منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن، برطانیہ کے علامہ محمد صادق قریشی الازہری تھے۔ تقریب میں سیرتِ طیبہ ﷺ، محبتِ رسول ﷺ، میلاد مصطفیٰ ﷺ کی اہمیت اور عصر حاضر میں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے موضوعات پر خصوصی گفتگو کی گئی۔

کانفرنس کا آغاز حافظ تنویر حسین کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد ثنا خوانانِ مصطفیٰ ﷺ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے جن میں انوار الحق ۔ ڈاکٹر گلزار اور نوید بٹ شامل تھے ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض محی الدین نے انجام دیے اور پروگرام کے مختلف مراحل کو احسن انداز میں آگے بڑھایا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین علامہ محمد عدیل، ڈاکٹر منتہیٰ اور دیگر مقررین نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، برداشت، احترامِ انسانیت اور باہمی رواداری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بیرون ملک مقیم مسلم خاندانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی نئی نسل کو اسلامی اقدار، اخلاقی تربیت اور سیرتِ نبوی ﷺ سے روشناس کرائیں۔

تقریب کے دوران بچوں کی شرکت بھی نمایاں رہی۔  اعروش احمد نے انگریزی زبان میں خطاب کرتے ہوئے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔ ان کی شرکت کو بیرون ملک پروان چڑھنے والی نئی نسل میں دینی شعور، اعتماد اور اسلامی تعلیمات سے وابستگی کے فروغ کی ایک اہم مثال قرار دیا گیا۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی گلوبل ایمبیسڈر منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن برطانیہ کے  علامہ محمد صادق قریشی الازہری  نے اپنے خصوصی خطاب میں محبتِ رسول ﷺ کے تقاضوں اور میلاد مصطفیٰ ﷺ کی شرعی حیثیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے محبتِ رسول ﷺ کو ایمان کا بنیادی تقاضا قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حضور نبی کریم ﷺ سے حقیقی محبت کا اظہار آپ ﷺ کی سنت کی پیروی، آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل، حسنِ اخلاق، کردار کی پاکیزگی اور انسانیت کے ساتھ حسنِ سلوک کے ذریعے ہونا چاہیے۔

علامہ محمد صادق قریشی نے میلاد مصطفیٰ ﷺ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی روحانی و دینی محافل نئی نسل کو اپنے مذہبی تشخص سے وابستہ رکھنے، اسلامی تعلیمات کو سمجھنے اور معاشرے میں مثبت اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے نائب صدر رضوان احمد طور نے آئرلینڈ میں تنظیم کی تحریکی، دعوتی اور تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن کی دینی و تربیتی کاوشوں اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ روابط کے فروغ کے حوالے سے جاری سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس میں شرکا کی دینی معلومات میں اضافے کے لیے سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں حاضرین نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ درست جوابات دینے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے میڈلز اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ۔ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور شیخ حماد مصطفی کی کتب پر مشتمل ایک بک اسٹار بھی لگایا گیا جو حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا۔

کانفرنس میں خواتین، مردوں اور بچوں کی بھرپور شرکت نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ مقررین کے خطابات، نعتیہ کلام، بچوں کی شرکت اور معلوماتی سرگرمیوں نے پروگرام کو ایک جامع دینی و تربیتی اجتماع کی شکل دی۔

تقریب کے اختتام  پر  حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نظرانہ پیش کیا گیا پیر شیراز حسین قادری نے تمام عالم اسلام وطن عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور اتحاد امت کے علاوہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت تندرستی کے لیے  خصوصی دعا کروائی ۔ اور حاضرین کی تواضع مصطفوی لنگر سے کی گئی

 شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگیوں میں اپنانے، بچوں اور نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کرنے اور آئرلینڈ میں مسلم کمیونٹی کے درمیان اتحاد، اخوت اور مثبت سماجی کردار کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔