Daily Roshni News

ٹی 20 ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے ساؤتھ افریقا کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا  نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے نیوزی لینڈ نے با آسانی پورا کیا۔

بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

پروٹیز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

مارکو یانسن 55 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اس کے علاوہ ایڈن مارکرم 18، ڈی کوک 10، ڈیوالڈ بریوس 34، ڈیوڈ ملر 6، اسٹبز 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، مک کونکی اور رچن رویندرا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

170 رنزکے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر با آسانی ہدف پورا کیا، کیویز کی جانب سے فن ایلن نے 100 اور سیفرٹ نے 58 رنز بنائے۔ فن ایلن نے 33 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنائی۔

اس کے علاوہ ٹم سائفرٹ نے 58 رنز بنائے،راچن وریندرہ 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف 47 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

Loading