Daily Roshni News

پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر اور کوچ مظہر عباس سے روشنی نیوز کے خصوصی مندوب طاہر لطیف کی خصوصی گفتگو۔۔۔

طویل عرصے بعد پاکستان کو گول کیپنگ کے شعبے میں ایک مضبوط اور باصلاحیت پول میسر آیا ہے۔ مظہر  عباس

پاکستان (  ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل  ۔۔۔۔۔۔  خصوصی مندوب  ۔۔۔۔۔۔  طاہر لطیف  ) پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر کوچ مظہر  عباس نے ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد پاکستان کو گول کیپنگ کے شعبے میں ایک مضبوط اور باصلاحیت پول میسر آیا ہے۔ ان کے مطابق منیب الرحمان، علی رضا، فیضان جنجوعہ اور وقار جیسے باصلاحیت گول کیپرز قومی ٹیم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

مظہر  عباس نے کہا کہ ان چاروں گول کیپرز میں سے جسے بھی موقع دیا جائے، وہ شاندار کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ قومی ہاکی میں گول کیپنگ کا شعبہ اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط دکھائی دے رہا ہے، جو مستقبل میں پاکستان ہاکی کیلئے خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور عمان میں گول کیپنگ کوچنگ کے تجربے کے بعد انہیں قومی ٹیم کے گول کیپرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جہاں تمام کھلاڑیوں نے ٹرائلز اور تربیتی سیشنز میں متاثر کن پرفارمنس دی۔ ان کے مطابق حالیہ ٹرائلز میں شامل فائنل فور گول کیپرز نے بھرپور محنت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جس کا فائدہ مستقبل میں پاکستان ہاکی کو ضرور ہوگا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر کوچ مظہر  عباس نے منیب الرحمان کی انجری سے متعلق بھی مثبت اپڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انجری اب کافی بہتر ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ری ہیب کے بعد منیب الرحمان نے آج دوبارہ پیڈ پہن کر پریکٹس میچ بھی کھیلا، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ مظہر  عباس کے مطابق انشاء اللہ منیب الرحمان جلد مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے اور اپنی بہترین پرفارمنس دوبارہ دکھائیں گے۔

مظہر  عباس کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے آنے سے کتنا فرق پڑتا ہے، اس کا فیصلہ وقت کرے گا، لیکن ان کی کوشش ہے کہ قومی ٹیم کے گول کیپرز کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر بہتر نتائج حاصل کر سکے۔

Loading