ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔ ورد یا وظیفہ ۔۔۔ تحریر ۔ خواجہ شمس الدین عظیمی)کوئی ورد ہو یا وظیفہ اس میں مخصوص روشنیاں اور روحانی طاقت کا کام کرتی ہے ۔ جو بندہ ورد و وظائف کے اندر روشنیوں اور روحانی طاقت کو جانتا ہو اس کے بتائے ہوئے ورد یا وظیفہ سے مسائل کا حل ہو سکتا ہے ورنہ خود یا نہ جاننے والے کے بتائے ہوئے ورد و وظائف کرنے سے نقصان کا اندیشہ رہتا ہے ، کیسے ۔۔۔؟
آیات مقدسہ ہمیں بتاتی ہیں اللہ تعالٰی کی بنائی ہوئی ہر چیز روشنی ہے ۔ کوئی حرف اور لفظ روشنی کے اس ہالے سے باہر نہیں ۔ آواز الفاظ کو لہروں کے ذریعے ہمارے کانوں تک پہنچاتی ہے ۔ سائنسدان بتاتے ہیں کہ روشنی کی رفتار ایک لاکھ 86 ہزار 282 میل فی سیکنڈ ہے ۔
کوئی وظیفہ ہو یا عمل روشنیوں کے تانے بانے سے مرکب ہوتا ہے ان میں روحانی طاقت کام کرتی ہے اور روحانی قوت براہ راست انسان کے ذہن کو متاثر کرتی ہے اور یہ تاثر ایک کردار ادا کرتا ہے ۔
وظیفہ میں چونکہ روشنیوں کا عمل دخل ہوتا ہے اور روشنیاں مقداروں پر قائم ہیں ۔ مقدار میں توازن ضروری ہے ۔
یہ سمجھے بغیر کہ انسان میں روشنیاں قبول کرنے کی کتنی صلاحیت ہے اس کے لیے کوئی عمل یا وظیفہ تجویز کر دیا جائے تو یہ عمل نقصان کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے ۔
اللہ تعالٰی کے بیان کردہ قانون کے تحت ہر وظیفہ میں الگ الگ مخصوص قسم کی لہریں کام کرتی ہیں اور یہ لہریں انسانی ذہن میں ایسے تاثرات قائم کرتی ہیں جو وسائل کے حصول اور بیماریوں سے نجات دلاتے ہیں ۔ لیکن اگر اس میں عدم توازن پیدا ہو جائے تو صورتحال بدل جاتی ہے ۔ مسلسل اور بہت سارے وظائف پڑھنے سے ذہن میں روشنیوں کا ذخیرہ ہو جاتا ہے اور اتنا زیادہ ہو جاتا ہے کہ وسائل اور صحت کے حصول میں مشکلات پیش پیدا ہو سکتی ہیں ۔
👈 میں جب کسی سائل کے لیے وظیفہ یا کوئی عمل تجویز کرتا ہوں تو یہ دیکھتا ہوں کہ وظیفے کے الفاظ میں روشنی کی کتنی مقدار کام کر رہی ہے اور مریض میں ان کو برداشت کرنے کی کتنی صلاحیت ہے ۔ فقیر اپنی تحریر میں اس بات کو ہمیشہ اولیت دیتا ہے کہ قانون قدرت سے علاج اور مشورہ ہم رشتہ ہو ۔۔۔