Daily Roshni News

کراچی میں نزلہ کھانسی کے 30 فیصد مریضوں کا کورونا میں مبتلا ہونے کا انکشاف

کراچی میں نزلہ کھانسی کے 30 فیصد مریض کورونا وائرس میں مبتلا ہورہے ہیں۔

ماہر متعدی امراض ڈاؤ اسپتال پروفیسرسعید خان کے مطابق شہر میں بڑی تعداد میں لوگ نزلہ، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہورہے ہیں جب کہ ٹیسٹ کروانے پر 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا مثبت آرہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ 1 این 1 جب کہ 5 سے 10 فیصد بچوں میں سانس کی نالی کے انفیکشن کی تصدیق ہورہی ہے۔

پروفیسر سعید خان کے مطابق کورونا، انفلوئنزا ایچ 1 این 1 اور سردیوں کے دیگر وائرل انفیکشن کی علامات ملتی جلتی ہیں، اکثر مریض ٹیسٹ نہیں کرواتے جس کے باعث بیماریوں کی تصدیق نہیں ہوتی۔

اس حوالے سے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نظام شیخ نے بتایا کہ سول اسپتال میں وائرل انفیکشن کے یومیہ 200 مریض اور جناح اسپتال میں وائرل انفیکشن کے یومیہ 150 سے 200 مریض آرہے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں فی الوقت کورونا کے ٹیسٹ کی سہولیات نہیں ہیں اور کورونا وبا کے بعد لوگوں نے ٹیسٹ کروانا چھوڑ دیے تھے۔

طبی ماہرین نے  وائرل انفیکشن اور دیگر بیماریوں سے بچنے کیلئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے  ماسک پہننے اور خود کو ڈھانپ کر رکھنے کا مشورہ دیا ہے جب کہ ہر سال انفلوئنزا کی ویکسین لازمی لگوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

Loading