Daily Roshni News

*آلات جراحی اور میڈیکل کی مصنوعات سے متعلق استنبول میں سالانہ ایکسپو میڈ 2026  کا شاندار انعقاد۔۔ پاکستان کا دلکش پویلین اور پاکستانی کمپنیوں کی بھرپور شرکت*

*آلات جراحی اور میڈیکل کی مصنوعات سے متعلق استنبول میں سالانہ ایکسپو میڈ 2026 ایکسپو میڈ  کا شاندار انعقاد۔۔ پاکستان کا دلکش پویلین اور پاکستانی کمپنیوں کی بھرپور شرکت*

استنبول، ترکیے (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی۔۔۔  سید رضوان حیدر بخاری)استنبول میں سالانہ 3 روزہ ایکسپو میڈ 2026 کا شاندار انعقاد،  دنیا بھر سے 130 سے زائد ممالک نے اپنی طبی اور ہربل مصنوعات کے ساتھ شرکت کی۔۔ چینی کمپنیوں نے میڈیکل کے شعبے میں دنیا کو متعارف کروائیں حیران کن مصنوعات۔۔

ایکسپو میڈ 2026 میں پاکستان اور پاکستانی کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی،  پاکستان کی 19 کمپنیاں اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوئیں، جن میں زیادہ تر کا تعلق آلات جراحی سے تھا،  اسکے علاوہ پاکستان کی چند ہربل مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے بھی ایکسپو میں حصہ لیا ۔۔

پاکستان کی کچھ مصنوعات ایسی ہیں جنہیں دنیا بھر میں خاصی پذیرائی حاصل ہے اور دنیا میں ان پاکستانی مصنوعات کی بہت زیادہ مانگ ہے۔۔ جیسا کہ پاکستانی چاول،  پاکستانی لیدر یعنی چمڑے کی مصنوعات،  پاکستانی آم اور فٹبال وغیرہ،  اور اگر بات کی جائے آلات جراحی  اور طبی مصنوعات کی تو اس میں بھی پاکستان کو ایک بہت ہی خاص مقام حاصل ہے، اور پاکستان کے 2 شہر اس حوالے سے انتہائی مہارت اور اہمیت کے حامل ہیں جن میں سیالکوٹ اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔۔ ان شہروں کے، ہاتھ سے تیار کردہ جراحی و طبی آلات کا نہ ہی کوئی ثانی ہے اور نہ ہی کوئی مقابلہ اور دنیا کی پہلی ترجیح انہی شہروں میں بننے والی جراحی و طبی مصنوعات ہوتی ہیں، یہ صنعت صدیوں سے ان شہروں کا خاصہ ہے اور پوری دنیا میں یہاں کی تیار کردہ مصنوعات استعمال ہوتی ہیں۔۔

ایکسپو میڈ میں شریک اسی آلات جراحی و طبی مصنوعات کی کمپنیوں کے مالکان شکایت کناں بھی ہوئے کہ حکومت کی عدم توجہی، مہنگی بجلی اور حکومتی غیر سنجیدگی کے باعث انہیں خاصی مشکلات کا سامنا بھی ہے اور اگر ان مشکلات کا تدارک نہ کیا گیا تو یہ چمکتی دمکتی انڈسٹری جو پاکستان کا فخر ہے زبوں حالی کا شکار بھی ہو سکتی ہے۔۔

ایکسپو میڈ 2026 میں آلات جراحی و طبی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی کچھ ہربل مصنوعات کی کمپنیاں بھی اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک تھیں جو کہ بہت ہی خوش آئند چیز تھی۔۔

ایکسپو میڈ میں پاکستانی کمپنیوں کو سہولیات ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے فراہم کی گئی تھیں جن سے پاکستان سے آئے شرکاء کافی مطمئن تھے۔۔ استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل جناب خواجہ خرم نعیم صاحب نے بھی ایکسپو میڈ کا دورہ کیا اور پاکستان سے آئی ہوئی شریک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی۔۔۔

Loading