ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل – خصوصی رپورٹ۔ محمد جاوید عظیمی )گزشتہ دنوں بروز ہفتہ 14 نومبر 2026 ، زیر اہتمام پاک ڈچ نیشنل فورم یوم اقبالؒ کی پر وقار تقریب دی ہیگ کے مقامی ہال میں تزک و احتشام سے منعقد کی گئی ۔مذکورہ تقریب کا آغاز اللہ تعالٰی کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے چوہدری خالد محمود صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل ہالینڈ نے اپنے مخصوص انداز میں کیا۔فورم کے جنرل سیکرٹری سید اعجاز حسین سیفی نے تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور علامہ اقبال کی شاعری پر بات کرتے ہوئے آپ کے شہرہ آفاق اشعار بھی پڑھےایک موقعہ پر انھوں نے کہا علامہ اقبال نے شاعری کو مردانگی دی ہے ۔ ڈاکٹر کامران نے شرکائے تقریب کو اپنا مختصر تعارف پیش کیا ۔ اقبال کے افکار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افسوس سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستانی قوم نے ان کے افکار سے استعفادہ نہیں کیا جبکہ ایرانی قوم علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ترقی کی شاہراوں پر گامزن ہے۔ کشمیر پیس کونسل کے چئیر مین علی رضا سید نے اقبال کا شعر پڑھ کر خراج تحسین پیش کیا۔ منتظمین کا مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے گزشتہ سال کی تقریب میں عدم شرکت کی وجوہات بیان کیں اور اس سلسلے میں معذرت بھی پیش کی۔
خطابات کے بعد صائم زیدی کی زیر صدارت مشاعر منعقدکیا گیا۔ صفدر زیدی نے بڑے دلنشین انداز میں نظم پیش کر کے داد وصول کی۔ سفیر احمد اور عدیل شاکر نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں کلام پیش کر کے شرکائے تقریب کو محظوظ کیا۔
مقامی شاعره ڈاکٹر میشا سعید نے اپنا کلام پیش کرتے ہوئے لفظوں کی ادائیگی اور آواز کے اتار چڑھاو کا خاص اہتمام کیا جس سے ایک شاعرانہ ماحول کو جلا بخشی – عمران ثاقب چوہدری( بلجیم) نے اردو اور پنجابی زبان میں بھی اپنے شاعرانہ خیالات کا اظہار کیا۔ مدبر آسان (جرمنی) اپنے لکھے ہوئے کلام سے غزلیں پیش کیں۔ آپ کا تخلص آسان ہے مگر ان کے استعمال کئے گئے الفاظ آسان نہیں تھے لیکن انھوں نے ان
لفظوں کو اتنی اچھی ادائیگی اور دلپزیر لہجے میں ادا کیا کہ اہل ذوق نے خوب داد پیش کی ۔
فیضان عارف ( لندن برطانیہ) آپ نے کلام کا آغاز کیا تو آپ کی آواز نے سخنوروں کے کانوں میں رس گھولنا شروع کر دیا ۔ انتہائی سادگی مگر مخصوص ادائیگی میں طنز و تنقید کے نشتر بھی نمایاں تھے ۔
ان لفظوں کی گہرائی اور گیرائی کا ادراک کرتے ہوئے سخنوروں نے خوب داد پیش کی، اس منظر کو پیش نظر رکھتے ہوئے راقم یہ کہناضروری سمجھتا ہے کہ ہال میں تشریف فرما اہل ذوق فیضان کی شاعری اور افکار کے فیضان سے مالا مال ہوئے۔
صدر مشاعره شاعرہ صائمہ زیدی (جرمنی) نے پر وقار انداز اور دلکش انداز میں اپنا کلام پیش کر کے شاعرانہ ذوق کے حامل شرکائے تقریب کے قلوب کو قافیہ ردیف کی روشنی سے منور کیا۔ اور خواتین و حضرات محفل مشاعرہ کے شرکا نے انھیں خوب داد پیش کی اور بے حد سراہا ۔
پاک ڈچ نیشنل فورم کے صدر نعیم عارف نے خطاب سے گریز کرتے ہوئے شعرائے کرام ، اہل علم و دانش اور شرکا کے تقریب کا شرکت کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام مہمانان گرامی کو لذت کام و دہن کے سلسلے میں طعام کے لئے التماس کی ۔