ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایک عجیب بات یہ ہے کہ ہم شادی شدہ ہیں، اور آگے بھی دوسری یا تیسری کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ لیکن ایک بات یہ ساری ضرورت رشتہ کی تحاریر پڑھتے پڑھتے ہم نے سوچا کہ ہم بھی کیوں نہ کچھ لکھیں، شاید اس سے کچھ لوگوں کو فائدہ ملے، ایسا نہیں ہے کہ شادی کے لیے ہمارے اپنے بھی کچھ جذبات نہیں تھے، سب کچھ موجود تھا م، اور اللہ رب العزت نے جس سے ملایا، اس کا ملنا بھی شاید اوپر سے لکھا جا چکا تھا، جو ہم سے کئی درجے بہتر اور بہت باوقار ہے، اللہ تعالی اس کی عزت و توقیر میں مزید اضافہ فرمائے، آمین۔
لیکن ایک بات جو میں کہنا چاہتا ہوں، یہاں پہ سب چیزیں دیکھتے ہوئے، ساری باتیں پڑھتے ہوئے مجھے احساس ہوا کہ ہمارے ہاں رشتوں کو لے کر کس طرح سے ہم شاید خواہشات کے ایک ایسے پندار میں خود کو باندھ بیٹھتے ہیں، کہ جن کا پورا ہونا کہیں بھی ممکن نہیں ہوتا اور بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم جو سوچتے ہیں وہ ہمارے گمان کے بالکل برعکس ہوتا ہے لیکن یہ زندگی ہے اس کو تو چلتے رہنا ہے، اس کو چلتے رہنا چاہیے اگر زندگی کو روک دیا جائے تو پھر زندگی زندگی نہیں رہتی بلکہ وہ ایک ایسا جوہڑ بن جاتی ہے جہاں پہ صرف اور صرف بدبو ہوتی ہے، یہاں سے خوشیاں نہیں بلکہ غم اور پریشانیاں پیدا ہوتی ہیں، میں اپنی زندگی کے اس سفر میں جہاں میرے ساتھ میرا ہمسفر 20 سالوں تک چلا اور چل رہا ہے اور آگے بھی جب تک ہماری زندگی ہے، یہی دعا ہے کہ چلتا رہے، آپ سب کے لیے صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ رشتہ جیسا بھی ہو اس رشتے کو بنانے والے آپ ہوں گے اور آپ کا ہم سفر ہوگا، اس کے لیے آپ کے احساسات ہوں گے، یہ مادی چیزیں یہ سارے رشتے جو آپ لوگوں کو جوڑتے ہیں، یہ دراصل آپ کے لیے ایک پل کا کام کرتے ہیں، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوتا کہ وہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں یا آپ کی ہر بات کو وہ ہمیشہ قبول کریں، بعض باتیں ایسی بھی ہوا کرتی ہیں کہ جنہیں آپ کہتے ہیں لیکن دوسرے نہیں سمجھ سکتے اور بعض دفعہ ایسی باتیں بھی ہوتی ہیں کہ لوگ کچھ کہتے ہیں اور آپ سمجھ نہیں سکتے ان کی باتوں میں اور آپ کی باتوں میں بہت فرق ہوتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم انسان ہیں ایک دوسرے کے ساتھ توقعات ایک دوسرے کے ساتھ رشتوں کے جو بہت بڑے بڑے سلسلے ہوتے ہیں وہ چلتے رہتے ہیں اور پھر جب آپ کی اپنی اولاد ہو جاتی ہے تو پھر آپ باقی ساری چیزیں بھول جاتے ہیں اور ہاں یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب آپ جینا شروع کر دیتے ہیں اور میں سچ میں آپ کو ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے ساتھی کو لے کر ہمیشہ ایسا مخلص رہیں کہ جیسا اس کا حق ہے اس لیے کہ کوئی بھی لڑکی جب آپ کے پاس شادی کے بعد پہنچتی ہے تو اس نے بہت بڑی قربانی دی ہوتی ہے اس قربانی کا احساس اگر آپ کریں گے تو پھر جو رشتہ ہے وہ بہت بہترین چلے گا اور اگر آپ اس کا احساس کرنا چھوڑ دیں گے تو دنیا آپ کے رشتے کو کبھی چلنے نہیں دیتی یہ دنیا ایسی ہے اس کے ساتھ چلتے چلتے بہت سی چیزیں ہمیں بھول جانا چاہیے کہ ہم اس دنیا کے مطابق چلیں یہ ممکن نہیں ہے اور بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم دنیا کے مطابق چلتے ہیں تو ہمارے رشتے کہیں دور رہ جاتے ہیں ہمیں رشتوں کو بچانا ہے، ہمیں رشتوں کو مخلصی کے ساتھ دور تک لے کے جانا ہے اور جب آپ رشتوں کے ساتھ مخلص ہوں گے تو آپ کا گھر آپ کا رشتہ آپ کی ہر چیز آپ کو سکون دے گی اور یہی سکون دراصل کسی رشتے کی اصل پہچان ہوا کرتا ہے۔۔۔۔۔
باتیں بہت ہیں، مگر ہم اپنے سکون اور اپنی انا کی خاطر بہت سی زندگیوں کو خراب کر جاتے ہیں جو کسی بھی طور درست نہیں ہے، اچھے رشتے کے لیے ہمیشہ اچھی سیرت کو دیکھا جائے، جس طرح ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی، بالکل ایسے ہی بہت حسین و جمیل کے پیچھے کی عادات بھی ایسی ہی ہوں یہ ممکن نہیں ہوتا۔۔۔۔
اس فرد سے اپنا رشتہ ضرور جوڑ لیں جو آپ کے لیے مخلص ہو۔۔۔۔
محمد اقبال خان
![]()

