کائنات کا وہ حقیقی اوسط رنگ

کوسمک لیٹے, کائنات کا وہ حقیقی اوسط رنگ ہے جو تمام کہکشاؤں، ستاروں اور گرد و غبار کی اجتماعی روشنی کو یکجا کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔ سنہ 2002 میں جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے ماہرینِ فلکیات، کارل گلپ بروک اور آئیون بالڈری نے ایک سائنسی تحقیق کے دوران کائنات کے رنگ کا تعین کیا۔ انہوں نے 2 لاکھ سے زائد کہکشاؤں سے خارج ہونے والی روشنی کے طیف کا گہرا مطالعہ کیا۔ ابتدائی طور پر ایک سافٹ ویئر کی غلطی کی وجہ سے کائنات کا رنگ ہلکا سبز محسوس ہوا، لیکن جب ڈیٹا کی تصحیح کی گئی تو معلوم ہوا کہ کائنات کا اصل اوسط رنگ ایک مدہم اور ہلکا سا کریمی یا مائل بہ سفید رنگ ہے، جسے انہوں نے چائے یا کافی کے رنگ سے مشابہت کی بنا پر "کوسمک لیٹے” کا نام دیا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق کائنات کا یہ رنگ وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل ہو رہا ہے۔ ابتدائی کائنات میں جب نئے اور بڑے ستارے کثرت سے بن رہے تھے، تو ان کی تیز روشنی کی وجہ سے کائنات کا اوسط رنگ نیلگوں تھا۔
تاہم، اربوں سال گزرنے کے بعد جب یہ پرانے ستارے ٹھنڈے ہو کر سرخ اور زرد رنگ میں تبدیل ہوئے، تو کائنات کا مجموعی رنگ نیلے سے بدل کر موجودہ کریمی یا بیج رنگت اختیار کر گیا۔ اگرچہ انسانی آنکھ سے رات کا آسمان صرف سیاہ نظر آتا ہے، لیکن اگر ہم کائنات کی تمام تر روشنیوں کو ایک بڑے برتن میں جمع کر کے مکس کر سکیں، تو وہ بالکل ایک دودھیا کافی یا کریمی رنگ کی طرح دکھائی دے گی۔

#DiscoverPakistan

#DiscoverPakistan